رسائی کے لنکس

امریکہ: سوڈانی شدت پسندوں کی اطلاع پر انعام کا اعلان


امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کا عکس جس میں سوڈانی ملزمان کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے امریکی سفارت کار اور ان کے ڈرائیور کی یتصاویر نمایاں ہیں
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کا عکس جس میں سوڈانی ملزمان کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے امریکی سفارت کار اور ان کے ڈرائیور کی یتصاویر نمایاں ہیں

امریکی محکمہ خارجہ نے اس انعامی رقم کا اعلان 'ریوارڈز فار جسٹس' نامی اپنے پروگرام کے تحت بدھ کو کیا۔

امریکی حکومت نے ان دو سوڈانی شہریوں کی گرفتاری میں مدد دینے والے کو ایک کروڑ ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا ہے جن پر ایک امریکی سفارت کار کے قتل کا الزام ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اس انعامی رقم کا اعلان 'ریوارڈز فار جسٹس' نامی اپنے پروگرام کے تحت بدھ کو کیا۔

محکمہ خارجہ نے الہائی الحسان حج حماد اور محمد مکاوی ابراہیم محمد نامی دونوں مشتبہ ملزمان کی گرفتاری پر 50، 50 لاکھ ڈالرز انعامی رقم مقرر کی ہے۔

یہ دونوں افراد ان پانچ ملزمان میں شامل تھے جنہیں سوڈان کی ایک عدالت نے امریکی سفارت کار جان مائیکل گرینویلے اور ان کے ڈرائیور عبدالرحمن عباس راحاما کے 2008ء میں دارالحکومت خرطوم میں ہونے والے قتل میں ملوث قرار دیا تھا۔

سوڈانی عدالت نے دونوں ملزمان کو سزائے موت سنائی تھی لیکن وہ جون 2010ء میں ایک سرکاری جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

اپنی موت کے وقت امریکی سفارت کار اور ان کے ڈرائیور بین الاقوامی ترقی سے متعلق امریکی ایجنسی 'یو ایس ایڈ' سے منسلک تھے۔

گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ نے مذکورہ دونوں ملزمان کے نام غیر ملکی دہشت گردوں کی فہرست میں باضابطہ طور پر شامل کردیے تھے جس کےبعد امریکہ میں موجود ان کے ممکنہ اثاثے منجمد ہوگئے ہیں۔

اس اقدام کے بعد کوئی امریکی شہری بھی دونوں ملزمان کے ساتھ کسی قسم کا لین دین نہیں کرسکے گا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں مفرور ملزمان ممکنہ طور پر صومالیہ میں روپوش ہیں۔
XS
SM
MD
LG