رسائی کے لنکس

امریکہ کی طرف سے بے گھر افراد کی بحالی میں مدد کی پیشکش


امریکی عہدیدار کیتھرین نویلی اور پاکستانی وزیر خزانہ کی ملاقات
امریکی عہدیدار کیتھرین نویلی اور پاکستانی وزیر خزانہ کی ملاقات

دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے بعد پاکستان کے قبائلی علاقوں سے لاکھوں افراد عارضی طور پر اپنا گھر بار چھوڑ کر دوسرے علاقوں میں منتقل ہوئے، جن میں سے بعض کی واپسی اور بحالی کا عمل جاری ہے۔

پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں جہاں اُنھوں نے معاون سیکرٹری برائے اقتصادی ترقی و توانائی کیتھرین نویلی سے واشنگٹن میں ملاقات کی۔

پاکستانی وزارت خزانہ سے جاری ایک بیان کے مطابق واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات میں باہمی تجارت میں اضافے، سرمایہ کاری اور اقتصادی شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

امریکی معاون سیکرٹری برائے اقتصادی ترقی و توانائی کیتھرین نویلی نے بے گھر افراد کی بحالی کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں میں مدد کی پیشکش بھی کی۔

دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے بعد پاکستان کے قبائلی علاقوں سے لاکھوں افراد عارضی طور پر اپنا گھر بار چھوڑ کر دوسرے علاقوں میں منتقل ہوئے، جن میں سے بعض کی واپسی اور بحالی کا عمل جاری ہے۔

کیھترین نویلی نے پاکستان میں سلامتی کی صورت حال میں نمایاں بہتری کو بھی سراہا۔

ملاقات میں دونوں عہدیداروں نے سرحدی علاقوں میں امن اور سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے موجودہ حکومت کی اقتصادی اصلاحات سے متعلق بھی اعلیٰ امریکی عہدیدار کو آگاہ کیا اور بتایا کہ حالیہ اقدامات کی وجہ سے نا صرف مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی بلکہ مالی خسارہ بھی کم ہوا۔

اُنھوں نے کہا کہ حکومت خاص طو پر توانائی، زراعت اور بڑے پیداواری منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے بنیادی اصلاحات جاری رکھے گی۔

دریں اثنا نائب سیکرٹری برائے خرانہ سارہ بلوم باسکن سے ملاقات میں اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی خاص طور پر ٹیکسٹائل کی صنعت کی برآمدات بڑھانے میں مدد کی جائے۔

اسحاق ڈار نے رواں ہفتے ہی پاکستان کی طرف سے عالمی منڈی میں پچاس کروڑ ڈالر کے یورو بانڈز کے اجرا سے متعلق بھی امریکی عہدیداروں کو آگاہ کیا۔

پاکستانی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عالمی اسٹاک اور بانڈز مارکیٹ کی موجودہ صورت حال میں پاکستانی بانڈز کا کامیاب اجرا اُن کے ملک کی اقتصادی صورت حال پر اعتماد کی غمازی کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG