رسائی کے لنکس

امریکہ: تارکینِ وطن کا مسئلہ، سینیٹرز نے منصوبہ پیش کردیا


فائل
فائل

مجوزہ منصوبے کے تحت امریکہ میں موجود غیر قانونی تارکینِ وطن جرمانہ ادا کرکے حکومت کے پاس اپنا اندراج کراسکیں گے

امریکی سینیٹرز کے ایک گروپ نے امریکہ میں موجود ایک کروڑ 10 لاکھ غیر قانونی تارکینِ وطن کو امریکی شہریت دینے سے متعلق ایک منصوبے پر اتفاق کریا ہے۔

مجوزہ منصوبے کے تحت امریکہ میں موجود غیر قانونی تارکینِ وطن جرمانہ ادا کرکے حکومت کے پاس اپنا اندراج کراسکیں گے جس کےبعد انہیں اپنا کام جاری رکھنے کے لیے امریکہ میں عارضی قیام کی قانونی اجازت دی جائے گی۔

آٹھ سینیٹرز کی جانب سے تجویزہ کردہ اس منصوبے کے تحت عارضی مدت ِ قیام کی تکمیل کے بعد غیر قانونی تارکینِ وطن کو امریکہ کی شہریت دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

تاہم منصوبے میں تجویز دی گئی ہے کہ ملک میں پہلے سے موجود غیر قانونی تارکینِ وطن کو اس وقت تک شہریت نہیں دی جائے گی جب تک کہ نئے غیر قانونی تارکینِ وطن کی آمد کو روکنے کے لیے امریکی سرحدوں کی کڑی نگرانی اور دیگر متعلقہ اقدامات نہیں کرلیے جاتے۔

یہ منصوبہ جس گروپ نے تجویز کیا ہے اس میں ری پبلکن اور ڈیموکریٹ کے چار، چار سینیٹرز شامل ہیں جس کے باعث امید ظاہر کی جارہی ہے کہ اس کی روشنی میں کی جانے والی قانون سازی کو امریکی کانگریس میں دونوں جماعتوں کے اراکین کی حمایت حاصل ہوسکتی ہے۔

وہائٹ ہائوس کے ترجمان نے غیر قانونی تارکینِ وطن کے مسئلے نبٹنے کے لیے ان سینیٹرز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ اس معاملے پر بامعنی اصلاحات کیے جانے تک صدر اوباما مطمئن نہیں ہوں گے۔

امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم ایک کروڑ سے زائد تارکینِ وطن کے مستقبل کے تعین کا معاملہ گزشتہ 20 برسوں سے کانگریس میں ڈیموکریٹ اور ری پبلکن کے درمیان وجہ نزاع بنا ہوا ہے۔

صدر اوباما کی پہلی مدتِ صدارت کے دوران میں دیگر مسائل و معاملات کی وجہ سے انہیں اس جانب توجہ دینے کی فرصت نہیں مل پائی تھی لیکن گزشتہ ہفتے دوسری مدتِ صدارت کے لیے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد اپنے خطاب میں صدر نے اس مسئلے کو اپنے ایجنڈے کا حصہ قرار دیا تھا۔

ڈیموکریٹ رہنما غیر قانونی تارکینِ وطن کو بعض شرائط کی تکمیل کے بعد امریکہ کی شہریت دینے کی حمایت کرتے آئے ہیں جب کہ اس کےبرعکس ری پبلکن کا اصرار رہا ہے کہ تارکینِ وطن کی غیر قانونی آمد کو روکنے کے لیے پہلے سرحدوں کی نگرانی سخت کی جائے۔

امریکی سینیٹرز کے تجویز کردہ منصوبے میں اعلیٰ تعلیم یافتہ ہنرمندوں کے لیے امریکہ میں روزگار اور قیام کے مواقع یقینی بنانے اور غیر قانونی تارکینِ وطن کے لیے ملازمتوں کا حصول مشکل تر کرنے کے لیے بھی قانون سازی کی تجویز دی گئی ہے۔

امریکہ کے 'چیمبر آف کامرس' نے بھی سینیٹرز کے تجویز کردہ منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے اس بارے میں قانون سازی کے لیے تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعلان کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG