رسائی کے لنکس

نیویارک واقعہ میں پاکستانی طالبان ملوث : امریکی اٹارنی جنرل


نیویارک واقعہ میں پاکستانی طالبان ملوث : امریکی اٹارنی جنرل
نیویارک واقعہ میں پاکستانی طالبان ملوث : امریکی اٹارنی جنرل

امریکہ کے اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر نے کہا ہے کہ گذشتہ ہفتے نیویارک کے ٹائمز سکوائر میں بم دھماکا کرنے کی کوشش میں پاکستانی طالبان ملوث ہیں۔

امریکی ٹیلی ویژن ABCکو دیے گئے اپنے انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ”ہمارے پاس اب ایسے شواہد موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ اس کارروائی کے پیچھے پاکستانی طالبان کا ہاتھ تھا“۔

فیصل شہزاد
فیصل شہزاد

خیا ل رہے کہ امریکی حکام نے ٹائمز سکوائر میں دھماکا کرنے کے الزام میں ایک 30 سالہ پاکستانی نژاد امریکی شہری فیصل شہزاد کو گرفتار کر رکھا ہے جس نے مبینہ طور پر تفتیش کارروں کو بتایا ہے کہ اُس نے دہشت گردی کی اس کارروائی کی تربیت وزیرستان میں حاصل کی ہے جہاں وہ تحریک طالبان پاکستان کی قیادت سے ملاقاتیں کر تا رہا ہے۔

اٹارنی جنرل ہولڈر کے بقول امریکی حکام کو ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے جس سے یہ اندازہ لگا یا جا سکے کہ پاکستان فیصل شہزاد کے ارادوں سے آگاہ تھا۔

امریکی حکام نے فیصل شہزاد کو گذشتہ پیر کو اُس وقت نیویارک کے کینیڈی ائرپورٹ سے گرفتار کر لیا جب وہ دوبئی جانے والی پرواز پر سوار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ فیصل نے اعتراف کیا ہے کہ ٹائمز سکوائر میں بارود سے لدی گاڑی اُس نے کھڑی کی تھی ۔ ان کے بقول دھماکا ہونے کی صورت میں سیاحوں میں مقبول نیویارک کے اس علاقے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو سکتی تھیں۔

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے جمعہ کو ایک بیان میں انتباہ کیا تھا کہ امریکہ پر دہشت گردی کے کسی کامیا ب حملے کے نشانات پاکستان میں ملنے کی صورت میں ”نتائج سنگین “ ہوں گے۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ امریکہ نے نیویارک میں بم دھماکا سازش کی تحقیقات میں تعاون اور مدد کی باضابطہ درخواست کر دی ہے ۔ وزیر داخلہ رحمن ملک کا کہنا ہے کہ پاکستانی تفتیش کاروں نے ان معلومات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جو امریکہ کی طرف سے ان کے ملک کو فراہم کی گئی ہیں اور جن کے مطابق فیصل شہزاد جنوبی وزیرستان میں طالبان کمانڈر حکیم اللہ محسود اور قاری حسین سے ملاقاتیں کرتا رہا جو خودکش بمباروں کو تربیت دینے کا ماہر سمجھا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG