رسائی کے لنکس

پاکستان کی اقتصادی ترقی میں معاونت جاری رکھیں گے: کیری


جان کیری (فائل فوٹو)
جان کیری (فائل فوٹو)

امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے پاکستانی وزیراعظم کو ٹیلی فون کیا اور ان سے باہمی دلچسپی کے امور سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکہ نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

امریکی وزیرخارجہ نے پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کیا اور ان سے دو طرفہ امور اور دیگر اہم معاملات پر بات چیت کی۔

سرکاری میڈیا کے مطابق انھوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا امریکہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مدد جاری رکھے گا۔

گزشتہ سال نواز شریف کے اقتدار میں آنے کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے اور دونوں ملکوں کے اعلیٰ عہدیدار ایک دوسرے کے ہاں دورے کر چکے ہیں۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ مختلف شعبوں میں امریکہ سے تعلقات کو انتہائی اہم تصور کرتا ہے۔

رواں ماہ ہی امریکہ کے نائب وزیرخارجہ ولیم جے برنز نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں ملک کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں انھوں نے دو طرفہ امور کے ساتھ ساتھ خطے کی صورتحال خصوصاً افغانستان کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا۔

رواں سال کے اواخر تک افغانستان سے بین الاقوامی افواج کے انخلا کے تناظر میں پاکستان کے کردار کو خطے کی سلامتی و استحکام کے لیے اہم تصور کیا جارہا ہے۔

پاکستان یہ کہتا آیا ہے کہ وہ افغانستان میں امن و استحکام کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
XS
SM
MD
LG