رسائی کے لنکس

آتش فشاں کی راکھ کے بادل سے یور پ میں پروازیں متاثر


ُآئس لینڈ میں ایک آتش فشاں کے پھٹنے سے اُٹھنے والی راکھ سے یورپ بھر میں مسافر پروازیں دوسرے روز بھی متاثر ہوئی ہیں اور متعدد پروازوں کو منسوخ بھی کیا گیا ہے۔ امریکہ میں11 ستمبر2001ء کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد پروازوں کو منسوخ کرنے کا یہ سب بڑا واقعہ ہے ۔

یورپین ائیر ٹریفک کنڑول ایجنسی نے کہا ہے کہ جمعہ کو تقریباً17ہزار پروازوں کی منسوخی کا خدشہ ہے اور شیڈول میں یہ خلل ہفتے کے روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ یورپ اور شمالی امریکہ کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر آنے جانے والی پروازوں میں سے نصف کو جمعے کے رو ز منسوخ کردیا گیا جب کہ یورپ اور ایشیا کے درمیان بھی متعدد پروازیں اس سے متاثر ہوئی ہیں۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ گذشتہ ہفتے ایک فضائی حادثے میں ہلاک ہونے والے پولینڈ کے صدر کے جنازے میں شرکت کے لیے آنے والے بین الاقوامی رہنماؤں کی اتوار کو پولینڈ آمد کا پروگرام اس صورت حال سے کیسے متاثر ہو سکتا ہے ۔ پولینڈ نے بھی آتش فشاں کی راکھ کے بادلوں کے باعث اپنے ملک کی شمالی فضائی حدود میں پروازیں بندکررکھی ہیں۔

شمالی یورپی ممالک جن میں برطانیہ ، ناروے ، سویڈن اور ڈنمارک شامل ہیں، نے اپنی فضائی حدود مکمل طور پر بند کررکھی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آتش فشاں سے اُٹھنے والے دھوئیں کے بادلوں میں ریت ، شیشے اور پتھر کے ذرات موجود ہیں جو جہازوں کے انجن کو دوران پرواز جام کر سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG