رسائی کے لنکس

نجی ٹی وی ’ہم‘ سے ’ویک اینڈ اسپیشل پروگرامز‘ کا آغاز


ویک اینڈ کو مزید خوشگوار بنانے کے لئے ’سیٹرڈے اینڈ سنڈے اسپیشل‘ کے نام سے خصوصی پروگرام تریب دیے ہیں، جن میں ٹیلی فلمز اور کامیاب ترین فیچر فلموں کی نمائش شامل ہے

کراچی ... پاکستان میں ہفتے کی رات اور اتوار کا پورا دن کسی تہوار سے کم نہیں ہوتا۔

چھٹی ہونے کے سبب رات دیر تک جاگنا، شاپنگ کرنا، ہوٹلز میں کھانا کھانا، تقریبات میں جانا گھومنا گھمانا اور پکنک پر جانا ویک اینڈ کی سب سے اہم مصروفیات ہوتی ہیں۔۔۔ان سب کے ساتھ ساتھ ٹی وی دیکھنا ویک اینڈ کا سب سے بڑا شغل ہوتا ہے۔

ویک اینڈ پر ٹی وی ناظرین کی تعداد تقریباً ڈبل ہوجاتی ہے، کیوں کہ جو لوگ پورے ہفتے ٹی وی نہیں دیکھ پاتے وہ بھی ان دو دنوں میں ٹی وی اسکرین سے اپنا ناطہ جوڑ لیتے ہیں۔

اسی وجہ سے، ٹی وی چینلز ویک اینڈ کے لئے خصوصی پروگرام نشر کرتے ہیں۔ ان میں مقبول ترین سیریلز اور پروگرامز کو ترجیح دی جاتی ہے۔

’سیٹرڈے اینڈ سنڈے نائٹ اسپیشل‘

دیگر ٹی وی چینلز کی طرح ہی ’ہم‘ نے بھی اپنے ناظرین کے ویک اینڈ کو مزید خوشگوار بنانے کے لئے ’سیٹرڈے اینڈ سنڈے اسپیشل‘ کے نام سے خصوصی پروگرام تریب دیئے ہیں، جن میں ٹیلی فلمز اور کامیاب ترین فیچر فلموں کی نمائش بھی شامل ہے۔

’ہم‘ ٹی وی کے عہدیدار سید منہاس صغیر کے مطابق، نئے مہینے کے آغاز کے ساتھ ہی خصوصی پروگرامز کی ابتدا بھی ٹیلی فلم ’مجھے چھولو‘ سے ہوچکی ہے۔ ’مجھے چھو لو‘ نورحسن، عینی جعفری، منظور کیو اور اشیتا کی شاندار اداکاری سے سجائی گئی تھی۔

اسی سلسلے کی اگلی کڑی کے طور پر 8مارچ کو خواتین کے ’عالمی دن‘ کے موقع پر خصوصی ٹیلی فلمز پیش کی جائیں گی، جس کے نمایاں ستاروں میں عائزہ خان، شمیم ہلالی اور عمران اشرف شامل ہیں۔ اس کے اگلے دن، یعنی 9مارچ کو، ٹیلی فلم’ایک معمولی سی لڑکی‘ نشر کی جائے گی، جس میں جنید، مومل شیخ، انعم فیاض، جیا علی اور عدنان شاہ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

15مارچ کوبالی ووڈ کی سپر ہٹ مووی ’کبھی خوشی کبھی غم‘ نشر ہوگی۔ فلم میں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، رہتک روشن، کاجول، کرینہ کپور اور جیا بچن جیسے بڑے اداکار شامل ہیں۔

رواں ماہ کی 22تاریخ کو ٹیلی فلم ’کیا نام دیں‘ اور آخری ہفتے یعنی 29مارچ کو معمر رانا اور برکت علی کی مزاحیہ ٹیلی فلم ’جنگل میں منگل‘ پیش کی جائے گی۔ ’کیا نام دیں‘ کی کاسٹ میں جاوید شیخ، نور حسن اور ارج جیسے مقبول نام شامل ہیں۔
XS
SM
MD
LG