رسائی کے لنکس

وکی لیکس نے امریکی مفادات کیلیے اہم تنصیبات کی فہرست جاری کردی


وکی لیکس نے امریکی مفادات کیلیے اہم تنصیبات کی فہرست جاری کردی
وکی لیکس نے امریکی مفادات کیلیے اہم تنصیبات کی فہرست جاری کردی

وکی لیکس کی جانب سے پیر کے روز دنیا بھر میں موجود ایسی تنصیبات اور وسائل کی ایک خفیہ امریکی فہرست جاری کی گئی ہے جنہیں امریکہ اپنے مفادات کیلیے اہم ترین تصور کرتا ہے۔

فہرست کی اشاعت کے فوراً بعد امریکی اور برطانوی حکام کی جانب سے وکی لیکس کے اس قدم کی مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ویب سائٹ کے اس عمل سے کئی افراد کی زندگیاں دائو پر لگ سکتی ہیں۔

2008 کی امریکی سفارتی کیبلز میں موجود مذکورہ فہرست یورپ کے طول و عرض میں قائم مختلف ویکسین تیار کرنے والی فیکٹریوں، زیرِ سمندر موجود کیبلز، بندرگاہوں، برازیل سے لے کر ایشیا تک پھیلے بجلی گھروں اور دیگر معدنی وسائل سے منسلک تنصیبات پر مشتمل ہے۔ خفیہ دستاویزات کے مطابق امریکہ ان تنصیبات کو اپنے مفادات کیلیے اہم تصور کرتا ہے۔

سفارتی کیبلز میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ فہرست میں شامل تنصیبات پر دہشت گردوں کے حملے یا ان کی تباہی سے امریکہ میں صحتِ عامہ اور معاشی استحکام متاثر ہونے کے علاوہ امریکی قومی سلامتی پہ بھی تباہ کن اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر نے وکی لیکس کی جانب سے فہرست جاری کیے جانے کی "شدید ترین الفاظ" میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویب سائٹ نے اپنے اس عمل سے امریکہ کی قومی سلامتی دائو پر لگادی ہے۔

جبکہ برطانوی وزیرِ خارجہ ولیم ہیگ نے اپنے ردِ عمل میں فہرست کے اجراء کو "خاس طور پر قابلِ مذمت" فعل گردانتے ہوئے کہا ہے کہ وکی لیکس کے اس عمل سے مذکورہ اہم تنصیبات پر دہشت گردوں کے ممکنہ حملوں کا دروازہ کھول دیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG