رسائی کے لنکس

گمشدہ چیزیں ڈھونڈنے میں عورتیں زیادہ بہتر ہیں: تحقیق


موجودہ مطالعے میں سائنسدانوں نے نظریے کی حقیقت کو نا صرف تجربہ گاہ میں بلکہ حقیقی زندگی دونوں جگہوں پر ٹیسٹ کیا ہے۔

برطانوی محققین نے رائے پیش کی ہے کہ اگر مرد چابی کھو دے تو اسے تلاش کرنے سے پہلے ایک بار ضرورمدد کے لیے گھر کی عورت کو آواز دینی چاہیے کیونکہ ، نئی تحقیق کا نتیجہ ثابت کرتا ہے کہ ، خواتین دباؤ کی حالت میں کسی چیز کو کھوج نکالنے میں مردوں سے زیادہ بہتر ہوتی ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ ،عام طور پر لوگوں میں یہ خیال پایا جاتا ہے کہ عورتیں بیک وقت کئی کاموں کو نمٹانے میں مردوں کی نسبت زیادہ بہتر ہوتی ہیں تاہم اس نظریہ کو بہت کم سائنسی تحقیقی مطالعوں میں پیش کیا گیا ہے لیکن موجودہ مطالعے میں سائنسدانوں نے نظریہ کی حقیقت کو نا صرف تجربہ گاہ میں بلکہ حقیقی زندگی دونوں جگہوں پر ٹیسٹ کیا ہے۔

یونیورسٹی آف گلاسگو، ہارٹفورڈ شائر یونیورسٹی اور لیڈز یونیورسٹی کے مشترکہ تحقیقی مطالعے میں ماہر نفسیات کی ٹیم نے یہ انکشاف کیا ہے کہ عورتیں ایک ہی وقت میں مختلف کاموں کو تیزی سےسرانجام دینے اور خاص طور پر اسی دوران کھوئی ہوئی چیزیں ڈھونڈ نکالنے میں زیادہ مہارت رکھتی ہیں یعنی صبح کے مصروف اوقات میں بچوں کو ٹوتھ برش کروانا ، لنچ تیار کرنا اور اسکول یونیفارم پہنانے کے ساتھ ساتھ اگر عورتوں کو چابی ڈھونڈنے جیسا مشکل کام دیا جائے تو وہ بہتر طریقے سے چابی تلاش کر سکتی ہیں۔

نفسیاتی جریدے' بی ایم سی' کی رپورٹ کے مطابق تجربے میں 120 مرد اور 120عورتوں نے رضاکارانہ طور پر حصہ لیا جنھیں دو مرحلوں کے لیے منتخب کیا گیا پہلے مرحلے میں مرد اور خواتین کا مقابلہ ایک کمپیوٹر گیم کے لیے کیا گیا۔ شرکاء کو کھیل میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے بٹن دبا کر ردعمل ظاہر کرنا تھا اور کھیل کو وقت پر مکمل کرنا تھا ۔ تجربے کے نتیجے سے پتا چلا کہ ، مردوں کی نسبت عورتوں نے کھیل کو زیادہ دلجمعی سے کھیلا اور مردوں سے کم سستی کا مظاہری کیا۔

اسی طرح دوسرے مرحلے میں رضاکاروں کوحقیقی زندگی سے ملتے جلتے تجربات سے گزارا گیا۔ انھیں ایک نقشہ پر ریستوران دکھایا گیا اور اس کے راستے میں گم ہونے والی چابی ڈھونڈنے کے لیے ایک خاکہ تشکیل دینے کے لیے کہا گیا جبکہ ، اس دوران انھیں فون کال وصول کرنی پڑیں اور ساتھ ہی کئی معلوماتی سوالات کے جوابات اورریاضی کے سوالات حل کرنے پڑے اور ساتھ ہی چابی ڈھونڈنے کا عمل بھی جاری رکھنا پڑا۔ تجربے کے نتیجے سے محققین نے اخذ کیا کہ مردوں کے مقابلے میں عورتوں کی کارکردگی ٹاسک مکمل کرنے میں زیادہ بہتر رہی۔

اگرچہ دونوں جانب سے چابی ڈھونڈنے کے لیے اچھی منصوبہ بندی اور نگرانی کی گئی لیکن جب مردوں کو دباؤ میں ایک ساتھ کئی امور انجام دینے پڑے تو ان کی کارکردگی خواتین کی نسبت کمزور رہی ۔

یونیورسٹی ہارٹفورڈ شائر سے منسلک ماہر نفسیات کیتھ لا نے کہا کہ ''چابی تلاش کرنے کے تجربے میں عورتوں کی برتری یہ ثابت کرتی ہے کہ ،خواتین ایسے امور کی انجام دہی کے لیے جن میں ادارک سے کام لینا ہوتا ہے زیادہ بہتر حکمت عمل اور نگرانی کی صلاحیت رکھتی ہیں ۔''
XS
SM
MD
LG