رسائی کے لنکس

پاکستان میں نسلی تعصب کی شرح بہت کم ہے، سروے


سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فرقہ ورانہ تشدد اور خراب معاشی حالات کے باوجود پاکستان میں نسل اور قومیت کی بنیاد پر تعصب کی شرح خاصی کم ہے۔

ایک سروے کے مطابق پاکستان میں نسلی تعصب کی شرح بہت کم ہے اور صرف چھ فی صد پاکستانی ایسے ہیں جو کسی دوسری قوم یا نسل سے تعلق رکھنے والے فرد کی اپنے پڑوس میں موجودگی کو ناپسند کرتے ہیں۔

سوئیڈن سے تعلق رکھنے والے دو ماہرینِ معاشیات کی جانب سے کیے جانے والے 'ورلڈ ویلیوز سروے' کے نتائج سے ظاہر ہوا ہے کہ نسلی تعصب نہ برتنے والے ممالک میں سرِ فہرست برطانیہ،امریکہ، کینیڈا اور نیوزی لینڈ ہیں جب کہ بیشتر لاطینی امریکی ممالک میں بھی نسلی تعصب کی شرح خاصی کم ہے۔

اس کے برعکس بھارت اور بنگلہ دیش میں نسلی تعصب کی شرح انتہائی بلند ہے۔ لاطینی امریکہ کے ایک ملک وینزویلا میں بھی خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں نسلی تعصب زیادہ برتا جاتا ہے۔

سروے میں کئی دیگر سوالات کے علاوہ یہ سوال بھی پوچھا گیا تھا کہ "آپ کن لوگوں کا اپنے پڑوس میں آباد ہونا پسند نہیں کرتے؟"

محققین نے مختلف ممالک میں نسلی تعصب کا اندازہ ان افراد کے جوابات سے لگایا ہے جنہوں نے جوابات کی فہرست میں سے "مخالف نسل کے افراد" کا انتخاب کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فرقہ ورانہ تشدد، خراب معاشی حالات اور خطے کے دیگر ممالک میں نسلی تعصب کی بلند شرح کے باوجود پاکستان اس لحاظ سے منفرد ملک ہے کہ وہاں نسل اور قومیت کی بنیاد پر تعصب کی شرح خاصی کم ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سروے میں صرف 5ء6 فی صد پاکستانیوں نے کسی دوسری نسل یا قومیت کے فرد کے اپنے پڑوس میں آباد ہونے پر ناپسندیدگی ظاہر کی۔

سروے کے مطابق اس معاملے میں پاکستانی کئی یورپی ممالک، بشمول جرمنی اور نیدرلینڈ، کے باشندوں سے بھی آگے ہیں جہاں نسلی تعصب برتنے والوں کی شرح نسبتاً زیادہ ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 81 ممالک میں کیے جانے والے اس سروے میں صرف تین ممالک ایسے تھے جہاں 40 فی صد سے زائد افراد نے کسی دوسری نسل یا قوم کے فرد کا پڑوسی بننے پر ناگواری ظاہر کی۔

رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں نسلی تعصب کی شرح انتہائی بلند ہے جہاں 7ء71 فی صد افراد یہ ناپسند کرتے ہیں کہ کسی دوسری قوم کا فرد ان کے پڑوس میں آباد ہو۔ اس معاملے میں اردن کے باشندے 4ء51 فی صد کے ساتھ دوسرے اور بھارتی 5ء43 فی صد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
XS
SM
MD
LG