رسائی کے لنکس

کراچی یوتھ فیسٹیول، باصلاحیت نوجوانوں کی شرکت


ہفتے کو یوتھ فیسٹیول کے آخری روز اختتامی تقریب میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بھی اپنے فن موسیقی کا اظہار کرکے حاضرین کو ایک خوشگوار ’سرپرائز‘ دیا

کوئی اپنی گائیکی سے تو کوئی اپنی اداکاری سے اپنے خیالات و جذبات کا اظہار کر رہا تھا۔ کچھ یہ تھا قصہ نوجوانوں کے میلے ’آئی ایم کراچی یوتھ فیسٹیول‘ کا۔

پچھلے ایک ہفتے سے، کراچی شہر میں نوجوانوں کے لئے ہونے والا میلہ خبروں کی زینت بنا رہا۔

یہ یوتھ فیسٹیول آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں پہلی مارچ سے سات مارچ تک جاری رہا، جس میں لکھنے، پڑھنے، گانے، اداکاری، مصوری اور فوٹوگرافی کے مقابلے بھی ہوئے اور اپنے اپنے فن کے ماہرین نے نوجوانوں کو ان کی تربیت بھی دی۔


آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے روح رواں، احمد شاھ نے نوجوانوں کے اس میلے کے بارے میں وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 20000 بچوں نے اس میں حصہ لیا، اور اس یوتھ فیسٹیول سے ان بچوں میں ایک امید پیدا ہوئی ہے کہ کراچی میں بھی انھیں خوشی اور امن مل سکتا ہے۔


آرٹس کونسل کی یوتھ کمیٹی کے سربراہ، کاشف گرامی کا کہنا تھا کہ پچھلے آٹھ سال سے ہر سال یہ پروگرام ہو رہا ہے اور ہر گزرتے سال اس کی سرگرمیوں اور اس میں حصہ لینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف شہر میں بدامنی میں اضافہ ہوتا ہے تو دوسری طرف، لوگوں کی ایسے پروگراموں میں دلچسپی اور شمولیت بڑھ رہی ہے، جو خوش آئند ہے۔


یوتھ فیسٹیول میں ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات نے بھی اپنا کردار ادا کیا۔ مشھور نیوز کاسٹر، عظمیٰ الکریم نے وائس آف امریکہ سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انھیں اس فیسٹیول سے یہ پتا چلا کہ اس شہر میں بے تحاشا صلاحیت رکھنے والے بچے موجود ہیں؛ اور انھیں بس ایک پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان سینئرز نے تو صرف رہنمائی کی، لیکن بچوں نے ہی اس پورے پروگرام کا انتظام سنبھالا اور سب کی بس ایک ہی خواہش تھی کہ کراچی پر امن ہو جائے۔


اس یوتھ فیسٹیول میں فوٹوگرافی کے شعبے میں حصہ لینے والی کائنات نے بتایا کہ اس میلے سے انھیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، جبکہ تھیٹر سے تعلق رکھنے والے یاسر کا کہنا تھا کہ کل انھوں نے جہاں سے سیکھا آج وہیں وہ دوسروں کو سکھا رہے ہیں؛ اور یہی اس طرح کے پروگراموں کی خاصیت ہے کہ لوگ ایک دوسرے سے سیکھتے ہیں۔


ہفتے کو یوتھ فیسٹیول کے آخری روز اختتامی تقریب میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بھی اپنے فن موسیقی کا اظہار کرکے حاضرین کو ایک خوشگوار ’سرپرائز‘ دیا۔

XS
SM
MD
LG