رسائی کے لنکس

پاک بھارت تعلقات میں بہتری کشمیریوں کے لیے خوش آئند ہے: سردار یعقوب


سردار یعقوب
سردار یعقوب

’جنرل اسمبلی کے موقع پر سائیڈ لائن ملاقاتوں میں عالمی راہنماوٴں کی توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف دلائی گئی‘: پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے صدر کی وائس آف امریکہ سے گفتگو

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہےکہ اسلام آباد اور دہلی کے درمیان ’خوشگوار ہوتے ہوئے تعلقات‘ اور مختلف شعبوں میں ’بڑھتے ہوئے تعاون پر کشمیریوں کو تشویش نہیں‘، بلکہ، اُن کے بقول، اُنھیں خوشی ہے۔

تاہم، اُن کا کہنا تھا کہ متنازعہ کشمیر کے مستقبل پر جب بھی دونوں ملک بات چیت کریں تو اُس میں کشمیری قیادت کو ’ہر صورت‘ شامل کیا جائے۔

سردار یعقوب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد واشنگٹن میٹرو پولیٹن پہنچے ہیں۔

’وائس آف امریکہ‘ سے خصوصی گفتگو میں سرادر یعقوب نے کہا کہ نیویارک میں سلامتی کونسل کے سالانہ اجلاس کے موقعے پر کشمیر کے مسئلے کو عالمی راہنماوٴں کے سامنے اجاگر کرنے کا موقع ملا ہے۔ اُن کے بقول، پاکستان کی موجودہ حکومت پر یہ الزام درست نہ ہو گا کہ اُس نے بھارت کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے کی خاطر کشمیر کے مسئلے کو نظرانداز کر دیا ہے۔

اُنھوں نے پاکستان اوربھارت کے درمیان ویزا پالیسی میں نرمی کا بھی خیر مقدم کیا اور اسے کشمیری خاندانوں کے لیے خوش آئند قراردیا۔

اُنہوں نے امریکہ میں مقیم کشمیری نژاد امریکیوں پر زور دیا کہ وہ امریکہ کے اندر انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کریں۔

سردار یعقوب نے امریکہ میں بننے والی اسلام مخالف فلم کی مذمت کی۔ تاہم، اُن کا کہنا تھا کہ جس طرح کا پُرتشدد احتجاج کیا گیا اُس کی قطعی طور پر حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی۔
XS
SM
MD
LG