رسائی کے لنکس

افغان پارلیمانی انتخابات کے نتائج کا اعلان بدھ کو متوقع


افغان پارلیمانی انتخابات کے نتائج کا اعلان بدھ کو متوقع
افغان پارلیمانی انتخابات کے نتائج کا اعلان بدھ کو متوقع

افغان عہدیداروں نے کہا ہے کہ ستمبر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان بدھ کو کیا جائے گا۔

افغان پارلیمان کے ایوان زیریں یا اولسی جرگہ کے لیے انتخابات 18ستمبر کو منعقد کیے گئے تھے لیکن پولنگ میں دھاندلی کی ہزاروں شکایات کی تحقیقات کی وجہ سے اب تک حتمی نتائج کا اعلان نہیں کیا جا سکا ہے۔

الیکشن حکام نے تقریباً 13لاکھ ووٹ پہلے ہی مسترد کردیے ہیں اور ابتدائی طور پر کامیاب قرار دیے جانے والے 19امیدواروں کو بھی نااہل قرار دیا جاچکا ہے۔

اولسی جرگے کی 249نشستوں کے لیے 2500سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا تھا اور حتمی نتائج کا اعلان اکتوبر میں کیا جانا تھا تاہم اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ الیکٹورل کمپلینٹس کمیشن کو دھاندلی کی پانچ ہزار سے زائد شکایات کی موصولی نتائج کے اعلان میں تاخیر کا باعث بنی۔

دھاندلی کے الزامات میں رائے دہندگان کو مقامی جنگجوؤں کی طرف سے ڈرانے دھمکانے، جعلی ووٹ بھرنے، ایک سے زائد مرتبہ ووٹ ڈالنے اور جعلی شناختی کارڈ استعمال کرنے کے واقعات شامل ہیں۔

گذشتہ سال صدارتی انتخابات میں بھی بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات اور واقعات منظر عام پر آنے کے بعد الیکٹورل کمپلینٹس کمیشن نے ایک تہائی ووٹ مسترد کردیے تھے۔

XS
SM
MD
LG