رسائی کے لنکس

تین دن میں ایک کروڑ 'آئی –فون 6' فروخت


کمپنی نے نئے 'آئی – فون ' کی لانچنگ سے قبل بکنگ کا آغاز 12 ستمبر کو کیا تھا اور پہلے ہی دن اسے 40 لاکھ موبائل فون کے آرڈر موصول ہوئے تھے۔

مشہور ٹیکنالوجی کمپنی 'ایپل' نے لانچنگ کے ابتدائی تین روز کے دوران ایک کروڑ 'آئی - فون 6' فروخت کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

'ایپل' کے سربراہ ٹم کک نے پیر کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں امید ظاہر کی ہے کہ اگر ان کی کمپنی سپلائی برقرار رکھنے میں کامیاب رہی تو وہ مزید 'آئی - فون 6' اور 'آئی – فون 6+' فروخت کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

'ایپل' نے اپنے مشہورِ زمانہ اسمارٹ موبائل 'آئی –فون' کا نیا ماڈل جمعے کو فروخت کے لیے مارکیٹوں میں پیش کیا تھا جو تجزیہ کاروں کے مطابق اتوار تک ایک کروڑ کی تعداد میں فروخت ہوچکا ہے۔

کمپنی نے نئے 'آئی – فون ' کی لانچنگ سے قبل بکنگ کا آغاز 12 ستمبر کو کیا تھا اور پہلے ہی دن اسے 40 لاکھ موبائل فون کے آرڈر موصول ہوئے تھے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ 'آئی –فون 6' کی اس بے پناہ مقبولیت کا اثر اسٹاک مارکیٹوں میں 'ایپل' کے حصص کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ رواں سہ ماہی میں اس کی آمدنی پر بھی پڑے گا جس میں 9 فی صد تک اضافے کی توقع ہے۔

'ایپل' نے اپنے نئے فون کو ابتدائی طور پر 10 ملکوں میں فروخت کے لیے پیش کیا ہے جس کے بعد اسے مزید ملکوں میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔

'ایپل' انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مقامی حکام کے ساتھ بعض معاملات طے نہ ہونے کے سبب فی الحال 'آئی - فون6' کو چین میں متعارف نہیں کرایا گیا جو اس وقت دنیا میں 'اسمارٹ فونز' کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔

کمپنی کے مطابق 'آئی –فون6' 26 ستمبر کو مزید 20 ملکوں میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا جب کہ رواں سال کے اختتام تک یہ دنیا کے مزید 115 ملکوں کے صارفین کےلیے دستیاب ہوگا۔

خیال رہے کہ دو سال قبل 'آئی – فون 5' (ایس اور سی ماڈلز)کی ابتدائی بکنگ کے آغاز کے وقت 'ایپل' کو پہلے دن 20 لاکھ نئے آرڈر موصول ہوئے تھے۔

'آئی –فون5' کو چین سمیت 11 ملکوں میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا اور ابتدائی تین دنوں میں 90 لاکھ سیٹ فروخت ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG