رسائی کے لنکس

'بلیک لسٹ' میں شامل امریکی شہری پاکستان پہنچنے پر گرفتار


وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اس شہری کو دوبارہ پاکستان داخل ہونے کی اجازت دینے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کی ہے۔

پاکستان میں وفاقی تحقیقاتی ادارے "ایف آئی اے" نے پانچ سال قبل ملک بدر کیے گئے امریکی شہری کو دوبارہ پاکستان آنے پر گرفتار کر لیا ہے۔

میتھیو بریٹ نامی یہ شخص ہفتہ کو علی الصبح اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر اترا اور ضروری امیگریشن کارروائی کے بعد ایک گیسٹ ہاؤس منتقل ہو گیا تھا۔

لیکن اس انکشاف کے بعد کہ اس امریکی شہری کا نام ملک میں داخل نہ ہونے دینے والوں کی فہرست میں شامل ہے، وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے نے تاحال اس پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے اور اس سلسلے میں رابطے کی کوششیں بھی بارآور ثابت نہیں ہو سکی ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ میتھیو نے پاکستان آنے کے لیے اپنے سفری کاغذات میں مبینہ طور پر ردوبدل کی تھی۔

میتھیو کو 2011ء میں بعض مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں ویزہ منسوخ کر کے ملک بدر کر دیا گیا تھا۔

ادھر وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اس شہری کو دوبارہ پاکستان داخل ہونے کی اجازت دینے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کی ہے۔

وزارت داخلہ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق امیگریشن ڈیسک پر موجود ایف آئی اے کے دو اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ دیگر متعلقہ حکام کو معطل کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

چودھری نثار کا کہنا تھا کہ اس بات کا پتا لگایا جائے کہ بلیک لسٹ میں موجود امریکی شہری کو محض غفلت کی وجہ سے داخلے کی اجازت دی گئی یا اس کے پیچھے کوئی اور محرکات تھے۔

اس شہری کو ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل خانے سے ویزہ جاری کیا گیا تھا وزارت داخلہ نے اس ضمن میں وہاں ویزہ افسران سے بھی جواب طلبی کا کہا ہے۔

XS
SM
MD
LG