رسائی کے لنکس

انگلش پریمیئر لیگ: ٹرافی کی دوڑ میں آرسنل آگے، مانچسٹر سٹی کی پوزیشن بھی مستحکم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

  • انگلش پریمیئر لیگ میں 20 ٹیمیں مدِ مقابل ہوتی ہیں۔
  • ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی سخت مقابلے دیکھنے کو ملے تاہم ٹرافی کی دوڑ میں اب صرف تین ٹیمیں ہی رہ گئی ہیں۔
  • اس وقت 36 میچز کے بعد آرسنل 83 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کے 35 میچوں کے بعد 82 پوائنٹس ہیں۔
  • لیورپول کا 36 میچز کے بعد 78 پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر ہے۔

انگلش پریمئر لیگ کو انگلینڈ کا سب سے بڑا کلب فٹ بال ٹورنامنٹ اور اس کی فاتح ٹیم کو سب سے بہتر کلب ٹیم سمجھا جاتا ہے۔ سال 1992 سے لے کر اب تک یہ ایونٹ کوئی بھی ٹیم مسلسل چار بار نہیں جیت سکی ہے۔ لیکن اس سال مانچسٹر سٹی کی کامیابی کی صورت میں یہ ریکارڈ قائم ہو سکتا ہے۔

ای پی ایل میں ہر سال انگلینڈ کی ٹاپ 20 ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آتی ہیں جس میں ہر ٹیم کے حصے میں 38، 38 میچز آتے ہیں۔

اس سال بھی ایونٹ میں اب تک زیادہ تر ٹیموں نے 34 یا اس سے زائد میچز کھیلے ہیں جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی صورتِ حال واضح ہوگئی ہے۔

ہمیشہ کی طرح اس بار بھی سخت مقابلے دیکھنے کو ملے۔ تاہم ٹرافی کی دوڑ میں اب صرف تین ٹیمیں ہی رہ گئی ہیں جن میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کے ساتھ ساتھ سابق چیمپئن آرسنل اور لیورپول شامل ہیں۔

اس وقت 36 میچز کے بعد آرسنل 83 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کے 35 میچوں کے بعد 82 پوائنٹس ہیں۔

لیورپول کا 36 میچز کے بعد 78 پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر ہے۔

گزشتہ تین برس میں تین اور چھ سال میں پانچ بار انگلش پریمئر لیگ کی ٹرافی جیتنے والی مانچسٹر سٹی کے پاس ایک اور ٹائٹل جیتنے کا اس لیے بھی سنہرا موقع ہے کیوں کہ اس کے میچز کی تعداد بھی دیگر ٹیموں سے کم ہے اور اس کے آئندہ میچز بھی نسبتا کمزور ٹیموں کے ساتھ ہیں۔

اگر مانچسٹر سٹی نے اس بار بھی ٹرافی جیت لی تو وہ ایونٹ کی 32 سالہ تاریخ میں مسلسل چار ٹائٹل جیتنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔

اس سے قبل مانچسٹر یونائیٹڈ نے دو دو مرتبہ چیمپئن بننے کی ہیٹ ٹرک کی۔ لیکن مسلسل چوتھی بار ٹائٹل کوئی بھی ٹیم نہیں جیت سکی ہے۔

ممکنہ کامیابی کی صورت میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی مجموعی ٹرافیوں کی تعداد آٹھ ہو جائے گی جو مانچسٹر یونائیٹڈ کے 13 ٹائٹلز سے تو کم ہیں۔ لیکن تیسرے نمبر پر موجود چیلسی سے اسے تین ٹرافی آگے لے جائے گی۔

مانچسٹر سٹی نے پہلی بار انگلش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل 2012 میں جیتا تھا جس کے بعد سے انہوں نے 2014، 2018، 2019، 2021، 2022 اور 2023 میں چیمپئن بن کر سات بار چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

مانچسٹر سٹی مسلسل چوتھا ٹائٹل جیتنے کی پوزیشن میں کیسے ہے؟

انگلش پریمیئر لیگ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے چیمپئن کا فیصلہ فائنل کے ذریعے نہیں ہوتا بلکہ راؤنڈ رابن لیگ کے ذریعے ہوتا ہے۔ یعنی اس ٹیم کو ٹرافی کا حق دار سمجھا جاتا ہے جس نے 38، 38 میچز کے بعد سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کیے ہوتے ہیں۔

اس وقت آرسنل کی ٹیم سب سے آگے ضرور ہوگی۔ لیکن اسے اپنے پوائنٹس کی تعداد بڑھانے کے لیے دو مواقع ملیں گے جب کہ مانچسٹر سٹی کے پاس ایسا کرنے کے لیے تین میچز ہوں گے۔

آرسنل کا اگلا میچ 12 مئی کو آٹھویں پوزیشن پر موجود مانچسٹر یونائیٹڈ سے ہوگا جس کی کوشش ہوگی کہ اپنے باقی تینوں میچز جیت کر ٹاپ فور میں اختتام کرسکے۔ اس کے بعد 19 مئی کو آرسنل کی ٹیم 15ویں پوزیشن کی ایورٹن سے مدمقابل ہوگی۔

اگر آرسنل نے یہ دونوں میچز جیت لیے تو اسے چھ پوائنٹس ملیں جس کے بعد اس کے پوائنٹس کی تعداد 89 ہوجائے گی۔ اگر مانچسٹر سٹی نے اپنے باقی تینوں میچز جیت لیے تو اس کے پوائنٹس کی تعداد 91 ہوجائے گی۔

مانچسٹر سٹی کا اگلا میچ 11 مئی کو 13ویں پوزیشن کی فلہم، 15 مئی کو پانچویں پوزیشن پر موجود ٹوٹنہم اور 19 مئی کو نویں پوزیشن کی ویسٹ ہیم سے ہوگا جس میں سے کوئی بھی ٹیم ٹائٹل کی دوڑ میں شامل نہیں۔

اگر مانچسٹر سٹی نے آخری تین میں سے دو میچز بھی جیت لیے تو اس کے 88 پوائنٹس ہوجائیں گے اور ایک ڈرا کرلیا تو اس کے بھی 89 پوائنٹس ہوجائیں گے۔

اگر آرسنل کے بھی اتنے ہی پوائنٹس ہوئے تو فاتح کا فیصلہ گول ڈفرنس پر ہوگا جس کا گول کرنے اور گول پڑنے کا ریکارڈ بہتر ہوگا وہی ٹیم ٹائٹل جیتے گی۔

لیورپول کی ٹیم کو اس دوڑ سے باہر کہنا درست نہ ہوگا کیوں کہ فی الحال اس کے 78 پوائنٹس ہیں اور اس کے باقی دونوں میچز چوتھی پوزیشن کی ایسٹن ولا اور 12ویں پوزیشن کی وولور ہیمپٹن سے ہیں۔

اگر اس نے 14 اور 19 مئی کو ہونے والے مقابلے جیت لیے تو اس کے پوائنٹس کی تعداد 84 ہوجائے گی، اور اسے امید لگانا ہوگی کی آرسنل اور مانچسٹر سٹی میں سے کوئی بھی اپنے بقیہ میچز نہ جیت سکے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ سال مانچسٹر سٹی نے 89 پوائنٹس کے ساتھ ہی مسلسل تیسرا ٹائٹل جیتا تھا، اور آرسنل کی ٹیم صرف 5 پوائنٹس کی کمی کی وجہ سے دوسرے نمبر پر رہی تھی۔

اب بھی سب سے زیادہ 13 بار انگلش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ مانچسٹر یونائیٹڈ کے پاس ہے جس کی اس بار 54 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں پوزیشن ہے ۔

کس ٹیم کی تنزلی ہوگی، کون ترقی کرے گا؟

انگلش پریمیئر لیگ میں صرف فاتح ٹیم کا ہی فیصلہ نہیں ہوتا بلکہ 19 مئی کو ایونٹ کے اختتام پر پہلی چار پوزیشن پر آنے والی ٹیمیں فٹ بال کی کلب ٹیموں کے سب سے بڑے مقابلے چیمپئنز لیگ کے لیے کوالی فائی کرلیں گی ۔

جہاں پانچویں پوزیشن کی ٹیم کو یوریا لیگ اور چھٹی پوزیشن کی ٹیم کو کانفرنس لیگ کھیلنےکو ملے گی۔

وہیں نچلے نمبروں پر آنے والی ٹیموں کو دوسرے درجے کے فٹ بال ٹورنامنٹ میں بھیج دیا جاتا ہے جسے انگلش فٹ بال لیگ چیمپئن شپ کہا جاتا ہے۔

ان تین ٹیموں کی جگہ ای ایف ایل چیمپئن شپ کی ٹاپ تین ٹیموں کو انگلش پریمئر لیگ میں شامل کرلیا جاتا ہے۔

گزشتہ سال آخری تین پوزیشن پر آنے والی لیسٹر سٹی، لیڈز یونائیٹڈ اور ساؤتھ ہیمپٹن کی تنزلی ہوئی تھی جب کہ برنلی، شیفیلڈ یونائیٹڈ اور لوٹن ٹاؤن ترقی پاکر مرکزی ایونٹ کا حصہ بنے تھے۔

تاہم یہ تینوں ٹیمیں اس معیار پر پورا نہ اترسکیں جس کی ان سے امید تھی ، شیفیلڈ یونائیٹڈ کی ٹیم 16 پوائنٹس کے ساتھ تنزلی کا شکار ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی ۔

برنلی 24 پوائنٹس کے ساتھ، 26 پوائنٹس کے ساتھ لوٹن ٹاؤن اور 29 پوائنٹس کے ساتھ ناٹنگھم فوریسٹ میں سے کوئی دو ٹیمیں تنزلی کا شکار ہوں گی۔

تینوں ٹیموں کے پاس دو دو میچز باقی ہیں۔

ای ایف ایل چیمپئن شپ میں اچھی کارکردگی دکھا کر لیسٹر سٹی اور اپسویچ ٹاؤن نے مرکزی ایونٹ کے لیے کوالی فائی کر لیا ہے جب کہ تیسرے کوالی فائر کا طے ہونا ابھی باقی ہے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG