رسائی کے لنکس

امریکہ سائیبر حملوں پر چین سے باضابطہ شکایت کرے گا


امریکہ نے کہا ہے کہ وہ چین میں گوگل کی ای میل سروس پر سائیبر حملوں کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کرنے کے لیے اگلے ہفتے چینی عہدے داروں سے باضابطہ شکایت کرے گا۔

امریکہ کے محکمہٴ خارجہ کے ترجمان پی جے کراؤلی نے جمعے کے روز کہا ہے کہ واشنگٹن اس بارے میں کسی وضاحت کا مطالبہ بھی کرے گا کہ ہیکنگ کس طرح کی گئى اور چینی حکومت اس سلسلے میں کیا کارروائى کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

گوگل نے چین میں انسانی حقوق کے حامیوں کے ای میل کے کھاتوں پر حملے کا پتا چل جانے کے بعد اس ہفتے کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ سے اپنے متن کو سینسر نہیں کیا کرے گا۔کمپنی نے کہا ہے کہ اس فیصلے کے نتیجے میں گوگل چین میں اپنے دفاتر کو مکمل طور پر بند کرسکتا ہے۔

بیجنگ میں چین کے لیے امریکہ کے سفیر جان ہنٹس مین نے کہا ہے کہ انٹر نیٹ پر آزادی کے مسئلے کا تعلق آزادیِ تقریر سے ہے جو امریکہ کی بنیادی اقدار میں سے ایک ہے۔

سفیر ہنٹس مین نے کہا ہے کہ واشنگٹن چین کے ساتھ گوگل کے مذاکرات کو کاروباری معاملہ خیال کرتا ہے ، لہٰذا وہ اُن کی بات چیت میں شامل نہیں ہو گا۔

توقع ہے کہ امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن اگلے ہفتے واشنگٹن میں تقریر میں انٹرنیٹ کی آزادی پر روشنی ڈالیں گی۔

XS
SM
MD
LG