رسائی کے لنکس

اعلیٰ چینی عہدیدار کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں


بیان کے مطابق پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہیں۔

چین کے اعلیٰ عسکری عہدیدار فین چینگ لانگ نے اسلام آباد پہنچنے کے بعد پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور بعد ازاں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔

جنرل راحیل سے چین کے سینٹرل فوجی کمیشن کے وائس چیئرمین فین چینگ لانگ کی ملاقات کے بعد جاری ہونے والے بیان کے مطابق چینی عہدیدار نے ’ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ‘ کے جنگجوؤں کے خلاف پاکستان فوج کی کارروائیوں کو سراہا۔

چین کا یہ الزام رہا ہے کہ اُس کے مسلمان اکثریت والے مغربی خود مختار علاقے سنکیانگ میں ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ کے جنگجو تشدد کے واقعات میں ملوث ہیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چین کے سینٹرل فوجی کمیشن کے کسی بھی وائس چیئرمین کا گزشتہ 11 سالوں میں پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔

راولپنڈی میں فوج کے صدر دفتر میں پاکستان اور چین کے عسکری وفود کے درمیان تفصیلی مذاکرات ہوئے جس میں سلامتی سے متعلق باہمی دلچسپی کے اُمور، علاقائی سلامتی اور دفاع کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر بات چیت کی گئی۔

بیان کے مطابق پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہیں۔

اس موقع پر پاکستان چین اقتصادی راہداری کے منصوبے پر بھی بات چیت کی گئی۔ چین کے اعلیٰ عسکری عہدیدار کے مطابق یہ منصوبہ دونوں ممالک کے لیے یکساں فائدہ مند ہے اور دونوں ہی ملک اس کی تکمیل کے لیے پرعزم ہیں۔

فوج کے بیان کے مطابق چینی عہدیدار نے راہداری کے منصوبے کے تحفظ کے لیے پاکستانی فوج کے اقدامات کو سراہا۔

بعد ازاں چین کے اعلیٰ عسکری عہدیدار نے وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کی۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی نکتہ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں سے متعلق مشاورت اور اسٹرایٹیجک مذاکرات دونوں ملکوں کو دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کا ایک موقع فراہم کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG