رسائی کے لنکس

سانحہٴ پشاور کے مجرموں کو عبرت ناک سزا دیں گے: نثار


وفاقی وزیر داخلہ نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران کہا کہ دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث افراد کے مقاصد کچھ اور ہیں، لیکن نشانہ معصوم افراد بن رہے ہیں

کراچی۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پاکستان کے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے مجرموں کو عبرتناک سزا دیں گے۔ واقعے کی ذمے داری قبول کرنے والا گروپ مشکوک ہے کیوں کہ وہ پاکستان میں فعال نہیں۔ تاہم، جو بھی اس سانحہ کا ذمے دار ہے اسے چھوڑیں گے نہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے پیر کو قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران کہا کہ دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث افراد کے مقاصد کچھ اور ہیں، لیکن نشانہ معصوم افراد بن رہے ہیں۔

ایوان کو سانحے سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کوہاٹی گیٹ چرچ کی سیکورٹی پر مقامی افراد کے علاوہ ایف سی اور پولیس کے دو اہلکار تعینات تھے۔ حملہ آوروں کی تعداد دو تھی۔ پہلے خودکش حملہ آور نے چرچ سے باہر آنے والے لوگوں کے باہر جانے والے راستے پر پہنچ کر خود کو اڑایا جس کے فوری بعد دوسرے دروازے سے ایک اور حملہ آور داخل ہوا اور اس نے بھی اپنے آپ کو ہجوم میں پہنچا کر دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکوں میں اب تک 80 سے زائد افراد ہلاک اور 137 زخمی ہوئے۔

وزیر داخلہ نے ایوان کو مزید بتایا کہ واقعے کے خلاف لوگوں میں اشتعال پایا جاتا تھا۔ لیکن مسیحی رہنماوٴں نے صبر کا درس دیا جو قابل تحسین ہے۔ ان کا صبر، کردار اور درس ہر پاکستانی کے لئے مشعل راہ ہے۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ سانحہ پشاور کو کسی انسانی فعل سے تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔ یہ سانحہ اقلیتوں کے ساتھ نہیں پوری قوم کے ساتھ پیش آیا، جس بیدردی سے مسیحی برادری کو نشانہ بنایا گیا، اُس کے لئے ان کے پاس الفاظ نہیں، روایتی مذمت سانحہ پشاور پر لاگو نہیں ہوتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت زخمیوں کے علاج معالجے اور واقعے کے نتیجے میں انتقال کر جانے والے افراد کے لواحقین کی بحالی کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔
XS
SM
MD
LG