رسائی کے لنکس

بھارتی ماڈل سے تعلقات کی تردید


اسد رؤف (فائل فوٹو)
اسد رؤف (فائل فوٹو)

پاکستانی امپائر اسد رؤف نے کہا کہ انھوں نے کوئی جرم نہیں کیا اور انھیں کسی قسم کی کارروائی کا خوف نہیں۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل پاکستانی امپائر اسد رؤف نے بھارتی ماڈل سے شادی کا وعدہ اور انھیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دیا ہے۔

اسد رؤف نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ وہ اپنے وکلاء سے مشورہ کر رہے ہیں کہ ان الزامات کے خلاف کیا حکمت عملی اپنانی چاہیئے۔ ان کے بقول انھوں نے کوئی جرم نہیں کیا اور انھیں کسی قسم کی کارروائی کا خوف نہیں۔

ممبئی سے تعلق رکھنے والی نوجوان ماڈل لینا کپور کا کہنا ہے کہ اسد رؤف نے انھیں ممبئی میں ایک فلیٹ لے کر دینے کا وعدہ کیا تھا اور کہا تھا کہ جو بھی ایک شوہر اپنی بیوی کے لیے کرسکتا ہے انھیں وہ سب دیں گے۔

ذرائع ابلاغ پر نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں بھارتی ماڈل نے کہا کہ اسد رؤف ان سے کہتے تھے کہ ’’مجھے نظر انداز نہ کرو میں سچ میں تمہیں پیار کرتا ہوں ہم لوگ شادی کرتے ہیں اور میں ممبئی میں سیٹل ہوتا ہوں تمہارے ساتھ ۔۔۔۔ ابھی تین چار دن پہلے ان کی کال آئی اور کہا کہ اب ہمارے بیچ میں سب ختم ہے اب میں تمہیں نہیں پہچانتا۔‘‘

لینا کپور کی اسد رؤف کے ساتھ چند تصاویر بھی منظر عام پر آئی ہیں جن کے بارے میں اسد رؤف کا کہنا ہے کہ وہ ایک جانی پہچانی شخصیت ہیں اور مداح کہیں ملتے ہیں تو ان کے ساتھ تصاویر بھی بنواتے ہیں۔

’’ایسے تو لاکھوں لوگوں کے ساتھ ہماری تصویریں ہیں اب کوئی اٹھ کر کہہ دے کہ مین نے یہ وعدے کیے (یہ بات سمجھ میں نہیں آتی) …. یہ جو باتیں کر رہی ہے کہ مین نے گھر لینے کا وعدہ کیا تھا تو میرے پاس تو اپنا بھی گھر نہیں۔ 35 سال میری شادی کو ہوگئے ہیں میری بیوی کو پتا ہے کہ میں نے کتنے لوگوں کے ساتھ وعدے کیے ہیں۔ گلیمرس لائف میں یہ چیزیں چلتی رہتی ہیں۔‘‘

لینا کپور نے اسد رؤف کے خلاف ممبئی پولیس میں ایک درخواست بھی جمع کرائی ہے۔

بھارتی ماڈل لینا کپور کے مطابق ان دونوں کی ملاقات سری لنکا میں ہوئی تھی جہاں وہ سیر کے لیے گئی ہوئی تھیں۔ ان کے بقول وہیں پر اسد رؤف نے انھیں پرپوز کیا تھا۔
XS
SM
MD
LG