رسائی کے لنکس

ڈنمارک میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، چار افراد گرفتار


ڈنمارک میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، چار افراد گرفتار
ڈنمارک میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، چار افراد گرفتار

ڈنمارک کی خفیہ ایجنسی نے مسلمانوں کے پیغمبر کے توہین آمیز خاکے شائع کرنے والے اخبار کے خلاف دہشت گردی کے ایک ممکنہ حملے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ڈینش خفیہ ایجنسی کے سربراہ جیکب شارف کے مطابق ایجنسی نے چار "مسلم انتہا پسند" گرفتار کرلیے ہیں جو ان کے بقول "جیلنڈ پوسٹن" نامی اخبار کی عمارت پر "حملہ کرکے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو قتل کرنے کی سازش تیار کررہے تھے"۔

"جیلنڈ پوسٹن" کی جانب سے 2006 میں مسلمانوں کے پیغمبر کے توہین آمیز خاکے شائع کیے گئے تھے جس پر مسلم معاشروں میں شدید اشتعال پھیل گیا تھا۔ واقعے کے بعد سے سیکورٹی اداروں کی جانب سے اخبار اور کارٹون بنانے والے شخص کے خلاف کئی ممکنہ حملے ناکام بنائے جاچکے ہیں۔

ڈینش حکام کے مطابق گرفتار شدگان میں ایک 44 سالہ تیونسی، 29 سالہ لبنانی اور ڈنمارک میں سیاسی پناہ کا طالب ایک عراقی باشندہ شامل ہیں۔ چوتھے فرد کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔ گرفتارشدگان میں سے تین افراد پڑوسی ملک سوئیڈن کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔

سازش میں معاونت فراہم کرنے کے شبہے میں سوئیڈن کی پولیس نے بھی ایک تیونسی نژاد شخص کو گرفتار کیا ہے۔

بدھ کے روز سوئیڈن اور ڈنمارک کے حکام کی جانب سے جاری کیے گئے علیحدہ علیحدہ بیانات میں کہا گیا ہے کہ سازش ناکام بنانے کیلئے دونوں ممالک کے سیکورٹی اداروں نے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کیا۔

XS
SM
MD
LG