رسائی کے لنکس

امریکی ایتھلیٹ ڈین پورٹر خطرناک چھلانگ لگاتے ہوئے ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پورٹر خطرناک حد تک جانے کے لیے مشہور تھے۔ انہوں نے دنیا کی چند سخت مشکل بڑی دیواروں اور نوکیلی چٹانوں پر خالی ہاتھوں سے، بغیر رسیوں کے اکیلے چڑھ کر شہرت حاصل کی۔

معروف امریکی ایتھلیٹ ڈین پورٹر یوسیمیٹی نیشنل پارک میں ونگ سوٹ پہن کر پیس جمپنگ کے دوران ہلاک ہو گئے ہیں۔

پارک کے ترجمان کے مطابق ایک اور شخص بھی ہلاک ہوا ہے۔ ڈین پورٹر اپنی دلیرانہ اور کبھی کبھی انتہائی خطرناک چڑھائیوں اور بیس جمپس کے لیے مشہور تھے۔

ہفتے کو جب تینتالیس سالہ پورٹر اور ان کے ساتھی 29 سالہ گراہم ہنٹ کا رابطہ ان کے دیگر ساتھیوں سے ٹوٹ گیا تو انہوں نے پارک کی انتظامیہ کو مدد کے لیے بلایا۔

پارک کے ایک مہتمم سکاٹ گیڈیمیں نے بتایا کہ ان دونوں نے ٹافٹ پوائنٹ نامی 7,500 فٹ اونچی نوکیلی چٹان سے چھلانگ لگائی تھی۔

گیڈیمیں کے مطابق تلاش اور بچاؤ کی ٹیموں نے رات بھر ان کو تلاش کیا مگر ناکام رہیں۔ اتوار کی صبح ایک ہیلی کاپٹر کے عملے نے ان دونوں کی لاشیں یوسیمیٹی وادی میں پڑی دیکھیں۔

ان دونوں نے ونگ سوٹ پہن رکھے تھے۔ ونگ سوٹ جسم کے ساتھ چپکے ہوتے ہیں اور ان کے بازوؤں اور ٹانگوں کے درمیان چمگادڑ کے پروں کی طرح کپڑا لگا ہوتا تاکہ پہننے والے کو ہوا پر تیرنے میں مدد دیں۔ تاہم گیڈیمیں نے بتایا کہ انہوں نے زمین پر اترنے کی رفتار کو کم کرنے کے لیے پیراشوٹ نہیں استعمال کیے۔

بیس یعنی BASE چار الفاط کا مخفف ہے جس سے مراد عمارتیں، انٹینا کے ٹاور، پل، اور پہاڑ یا اونچی چٹانیں ہیں، جہاں سے چھلانگ لگانے والا پیراشوٹ پہن کر چھلانگ لگا سکتا ہے۔ اس طرح کے کرتب امریکہ کے تمام نیشنل پارکس میں ممنوع ہیں اس لیے ممکن ہے ان لوگوں نے شام یا رات کے وقت چھلانگ لگائی ہو تاکہ پکڑے نہ جا سکیں۔

گیڈیمین نے بتایا کہ یہ دونوں افراد یوسیمیٹی کے نزدیک رہتے تھے، اور پارک میں پہاڑیوں پر چڑھنے والوں میں نمایاں تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’’یہ ایک خوفناک حادثہ ہے اور ہماری ہمدردیاں ان کے دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ یہ ہم سب کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔‘‘

پورٹر خطرناک حد تک جانے کے لیے مشہور تھے۔ انہوں نے دنیا کی چند سخت مشکل بڑی دیواروں اور نوکیلی چٹانوں پر خالی ہاتھوں سے، بغیر رسیوں کے اکیلے چڑھ کر شہرت حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG