رسائی کے لنکس

معاشی بحران سے فلوریڈا کی آبادی میں کمی


معاشی بحران سے فلوریڈا کی آبادی میں کمی
معاشی بحران سے فلوریڈا کی آبادی میں کمی


کساد بازاری نے دنیا کے اکثر ممالک کے ساتھ ساتھ امریکی معیشت کو بطور خاص متاثر کیا۔ اگرچہ حالیہ دنوں میں منظر عام پر آنے والی اقتصادی رپوٹوں کے مطابق معیشت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے لیکن اکثر امریکی ریاستوں میں اقتصادی بحران کے اثرات اب بھی واضح طورپر دکھائی دے رہے ہیں اور انہیں اپنے ترقیاتی منصوبوں پر نظر ثانی کرنا پڑ رہی ہے۔ ان میں ایک ریاست فلوریڈا بھی ہے جسے معاشی اعتبارسے مضبوط اور موسمی لحاظ سے ایک بہتر ریاست تصور کیا جاتا ہے۔ گذشتہ 60 برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ اس ریاست کی آبادی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

فلوریڈا کے کئی شہر جہاں چند برس پہلے تک بہت رونق اور چہل پہل نظر آتی تھی، اب ویرانی کا منظر پیش کرتے ہیں۔ ان میں سے ایک شہر لی ہائی ایکرز بھی ہے۔ تعمیراتی صنعت کے طورپر معروف اس شہر میں اب اکثر لوگ اپنے روزگار سے محروم ہوچکے ہیں۔رائے نائسلی اس علاقے میں ایک این جی او کی ڈائریکٹر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس روزانہ 50سے زیادہ افراد خوراک اور مالی امداد حاصل کرنے کے لیے آتے ہیں۔ کیونکہ ان کے پاس کوئی روزگار نہیں ہے۔

قریب ہی واقع غذائی امداد کے ایک اور ادارے کو بھی تقریباً اس طرح کی صورت حال کا سامنا ہے۔ نائسلی کو توقع ہے کہ جلد ہی فلوریڈا میں معاشی بحالی کا آغاز ہوگا اور لوگوں کو روزگار ملنا شروع ہوجائے گا۔ لیکن ان کا کہنا ہے کہ اب لوگ بحالی کا مزید انتظار نہیں کرسکتے۔

فلوریڈا میں اب باہر سےآنے والوں کی تعداد میں خاصی کمی آچکی ہے اور اس ریاست میں رہنے والے اکثرافراد معاش کی تلاش میں دوسرے علاقوں میں جاچکے ہیں۔ گذشتہ 63 سال میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ اس ریاست کی آبادی میں کمی ظاہر ہورہی ہے۔

ابراہام لیونڈر ، فلوریڈا سٹیٹ یونیورسٹی میں ماہر عمرانیات ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فلوریڈا کو اب نئے مسائل کا سامنا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ فلوریڈا کے منصوبہ سازوں نے ہمیشہ یہ ذہن میں رکھا تھا کہ ریاست ترقی کرتی رہے گی۔ چنانچہ یہی وجہ ہے کہ بحران کے باعث ان کے منصوبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

فلوریڈا کی معاشی ترقی میں ایک بڑا ہاتھ ان عمررسیدہ افراد کابھی ہے جو اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد بہتر موسم کے باعث اس ریاست کا رخ کرتے ہیں۔ ٹونی گیزڈیکی اور ان کی اہلیہ دس سال پہلے ڈیٹرائٹ سے نقل مکانی کرکے اس ریاست میں آئے تھے۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم اچھے موسم کی تلاش میں یہاں آئے تھے۔ کئی ریٹائر افراد اب فلوریڈ ا کے حالات کے باعث وہاں سے جارہے ہیں۔

کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ جائیداد کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے نتیجے میں معاشی صورت حال میں بہتری آسکتی ہے۔ ابراہام لیونڈر کے خیال میں کم قیمتوں کی وجہ سے تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا اور لوگوں کو روزگار ملے گا۔
لیکن کئی لوگوں کا خیال ہے ابھی یہ منزل بہت دور ہے۔

XS
SM
MD
LG