رسائی کے لنکس

ہیٹی میں ایک ماہ بعد ملبے تلے سے زندہ شخص نکال لیا گیا


ہیٹی میں ایک ماہ بعد ملبے تلے سے زندہ شخص نکال لیا گیا
ہیٹی میں ایک ماہ بعد ملبے تلے سے زندہ شخص نکال لیا گیا

ہیٹی میں حکام نے بتایا ہے کہ دارالحکومت پورٹ او پرنس میں 12 جنوری کے زلزلے سے تباہ ہونے والی ایک کاروباری عمارت کے ملبے سے ایک شخص کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تقریباََ ایک ماہ تک پانی کے بغیر رہنے کے باعث اس شخص کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے اور متاثرہ عمارت کی کھدائی کے دوران امدادی کارکنوں کو ملبے تلے اس کی موجودگی کا پتہ چلا تھا۔ اس کے رشتہ داروں نے بتایا ہے کہ وہ زلزلے کے روز سے ملبے تلے دفن تھا۔

پورٹ او پرنس میں ایک عارضی ہسپتال میں اس کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں نے کہا کہ وہ خاندان کے افراد کے ان دعووں کی تصدیق تو نہیں کرسکتے لیکن ملبے تلے سے نکالے گئے شخص کی طبی حالت سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کہانی سچ ہو سکتی ہے۔

ہیٹی میں آنے والے زلزلے میں دو لاکھ سے زائد افراد ہلاک اور لگ بھگ دس لاکھ بے گھر ہو گئے تھے۔

دریں اثناء منگل کو جنوبی کوریا کی پارلیمان نے ہیٹی میں تعمیر نو کی کوششوں میں مدد کے لیے منگل کو متفقہ طور پر 240 فوجی بھیجنے کی منظوری دی ہے۔ جنوبی کوریا کے ان فوجیوں کی تعیناتی کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک ٹیم بدھ کوہیٹی کے لیے روانہ ہو گی جب کہ تمام فوجی اس ماہ کی 27 تاریخ کو روانہ ہوں گے۔

ادھر اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسے ہیٹی میں شدید بارشوں کا موسم شروع ہونے سے پہلے زلزلہ متاثرین کو خیمے فراہم کرنے کا ایک مشکل چیلنج درپیش ہے۔ عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ زلزلے سے بے گھر ہونے والے افراد کی صرف ایک چوتھائی تعداد کو اب تک خیمے اور پلاسٹک کی شیٹیں فراہم کی جاسکیں ہیں اور باقی ماندہ متاثرین کو یہ اشیا فراہم کرنے کے لیے اسے دو ماہ لگ سکتے ہیں جب کہ شدید بارشوں کا موسم اس سے پہلے شروع ہو سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ہیٹی کی مرکزی بندر گاہ کو زلزلے میں شدید نقصان پہنچنے کے باعث متاثرین کو یہ سامان جلد سے جلد فراہم کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

ہیٹی میں امدادی کاموں میں مصروف تنظیموں نے پیر سے ہیٹی میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ایک لاکھ 40 ہزار افراد کوخسرے اور دوسری بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ویکسین دینے کی مہم بھی شروع کردی گئی ہے۔

دریں اثناء نامور امریکی اداکارہ انجلینا جولی ، جو اقوام متحدہ کے مہاجرین کے ادارے کی خیر سگالی سفیر بھی ہیں، نے ڈومنیکن رپبلک کے ایک ہسپتال میں ہیٹی کے زلزلے میں متاثر ہونے والے بچوں کی عیادت کی ہے۔

XS
SM
MD
LG