رسائی کے لنکس

ہوسٹن کمپنی کے ہر ملازم کو کرسمس پر ایک لاکھ ڈالر کا بونس


ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی تیل اور قدرتی گیس کی تلاش اور پیداوار کی ایک بڑی کمپنی 'ہل کورپ انرجی کمپنی ' نے اپنے ہر ایک ملازم کو اس کرسمس پر ایک لاکھ ڈالر کا چیک بونس میں دیا ہے۔

ہوسٹن کی ایک توانائی کی کمپنی نے اپنے ملازمین کو کرسمس سے پہلے کرسمس کا ایک شاندار تحفہ دیا ہے۔

ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی تیل اور قدرتی گیس کی تلاش اور پیداوار کی ایک بڑی کمپنی 'ہل کورپ انرجی کمپنی' نے اپنے ہر ایک ملازم کو اس کرسمس پر ایک لاکھ ڈالر کا چیک بونس میں دیا ہے۔

کمپنی کے کل ملازمین کی تعداد 1,381 ہے جبکہ کمپنی کے دریا دل مالک جیفری ہیلڈے برانڈ کی طرف سے اپنے ملازمین کو کرسمس کے خوشیوں بھرے موقع پر ایک لاکھ ڈالر کا بونس بطور انعام دیا گیا ہے۔

فاکس نیوز کے مطابق کمپنی میں روایت کا ایک تسلسل ہے۔ ہل کورپ کمپنی ایک ارب پتی تاجر جیفری ہیلڈے برانڈ کی ملکیت ہے اور کمپنی کی نیک نامی کا ایک ثبوت یہ ہے کہ اسے رواں برس ملازمت کے لیے امریکہ کی 100 بہترین کمپنیوں میں نامزد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پانچ سال قبل جب کمپنی نے تیل اور گیس کی پیداوار کو دوگنا کرنے کا مقصد حاصل کیا تھا تو کمپنی کی طرف سے ہر ایک ملازم کو 35 ہزار ڈالر یا 50 ہزار مالیت کی کار بونس میں دینے کی پیشکش کی گئی تھی۔

اس سال عالمی منڈی میں تیل اور گیس کے بحران کے باوجود کمپنی نے دوگنی پیداوار کی ہے تو اس خوشی کے موقع پر کمپنی کے مالک جیف ہیلڈے برانڈ نے ہر ایک ملازم کے لیے کرسمس کا بونس بھی دوگنا یعنی ایک لاکھ ڈالر کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 56 سالہ جیفری ہیلڈے برانڈ ملازمین کے ساتھ بے حد سخی ہیں جن کی مدد سے انھیں ناقابل یقین منافع کمانے میں مدد ملی ہے۔

مسٹر جیف نے 1989ء نے ہل کورپ انرجی کمپنی کی بنیاد ڈالی اور آج ان کا شمار امریکہ کے امیر ترین شخصیات میں ہوتا ہے۔

امینڈا تھامسن کمپنی میں استقبالیہ کی حیثیت سے پچھلے دس برسوں سے ملازمت کر رہی ہیں۔ انھوں نے ذرائع کو بتایا کہ یہ ایک ایسا دن ہے جب اچانک آپ کا ایک بڑا خواب پورا ہو جاتا ہے اور شاید ہم میں سے بہت سے ملازمین اپنی زندگی میں اس کا تجربے کرنے کے قابل نہیں تھے۔

بقول امینڈا تھامسن اتنا بڑا انعام پانے کی خوشی کو لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے۔

امینڈا تھامسن نے کہا کہ یہ کمپنی کے ملازمین کی محنت اور وفاداری کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک بہترین طریقہ ہے۔ خاص طور پر نچلی سطح پر کام کرنے والے ملازمین کے لیے یہ ایک حقیقی تحفہ ہے۔

امینڈا تھامسن کے مطابق کمپنی کے مالک اور کمپنی کے صدر گریگ لالیکر بہت ہی حوصلہ افزاء شخصیات ہیں اور مجھے یقین نہیں آتا ہے یہ ہمارے باس ہیں اور یہ سب سے بہترین باس ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ جب بھی ملازمین نے کمپنی کے اہداف کو حاصل کیا ہے مسٹر جیف ملازمین کے ساتھ کیے جانے والے اپنے ہر وعدے کو پورا کیا ہے اس کے علاوہ، بھی کمپنی کی طرف سے ملازمین کو سال بھر چھوٹے چھوٹے بونس دینے کی روایت موجود ہے اور اسی وجہ سے مسٹر جیف کی کمپنی کے تمام ملازمین اپنی زندگی کی خوشیاں منانے اور ان سے لطف اندوز ہونے کے قابل ہوئے ہیں۔

ہوسٹن کرونکل کی ایک رپورٹ کے مطابق جب ہل کورپ انرجی کمپنی کسی کو ملازمت پر رکھتی ہے تو ،گریٹر ہوسٹن کمیونٹی فاونڈیشن نامی تنظیم میں ان کے نام کا ایک اکاونٹ کھولا جاتا ہے۔ جہاں ملازمین عطیات جمع کراتے ہیں بتایا گیا ہے کہ اس پروگرام کے تحت کمپنی کی طرف سے اب تک 11 ملین ڈالر عطیات دیے جا چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG