رسائی کے لنکس

 کرونا بحران: امریکی مسلمان تنظیموں نے دہلیز پر فوڈ باکسز کے عطیات پہنچانا شروع کر دیے


اکنا ریلیف کے رضاکار فوڈ پیکٹس ضروت مندوں تک پہنچانے کے لیے ٹرک میں رکھ رہے ہیں۔
اکنا ریلیف کے رضاکار فوڈ پیکٹس ضروت مندوں تک پہنچانے کے لیے ٹرک میں رکھ رہے ہیں۔

امریکہ میں مسلم فلاحی اداروں نے کرونا وائرس کی وجہ سے گھروں تک محدود افراد کو ان کی ضرورت کی اشیا ان کےگھروں تک پہنچانےکا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جن میں اسلامک کونسل آف نارتھ امریکہ یا 'اکنا ریلیف یو ایس اے' اور پاکستانی امریکی ڈاکٹروں کی تنظیم 'اپنا' شامل ہیں۔

وائس آف امریکہ کو ایک انٹرویو میں اکنا ریلیف یو ایس اے کے ہنگر ریلیف شعبے کے ڈائریکٹر، زاہد حسین نے بتایا کہ جب سے کرونا وائرس بحران شروع ہوا ہے اکنا نے لوگوں کو ان کی دہلیز پر گراسری فوڈ باکسز مفت پہنچانے کے ایک ملک گیر پراجیکٹ کا آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کے تحت ادارے نے ہزاروں مسلمانوں اور غیر مسلموں کو امریکہ کے بڑے شہروں میں قائم اپنی 36 فوڈ پینٹریز کے ذریعے گراسری فوڈ باکس ان کے گھروں کی دہلیز تک مفت پہنچانا شروع کر دیئے ہیں۔

اکنا ریلیف کے رضاکار گھروں تک سامان خورد ونوش پہنچارہے ہیں
اکنا ریلیف کے رضاکار گھروں تک سامان خورد ونوش پہنچارہے ہیں

ہر فوڈ باکس میں 75 سے 80 پاؤنڈ فوڈ موجود ہوتا ہے جس میں چاول، آٹا، دالیں، دودھ، انڈے، ڈبوں میں بند کھانے، سیریل، پاستا، چینی، نمک، حلال چکن اور بیف کے پیکٹس شامل ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ضروری سامان مثلاً پیپر ٹاول، صابن، ہائیجین کی چیزیں، بچوں اور بڑوں کے ڈائیپرز شامل ہوتے ہیں۔

زاہد حسین نے بتایا کہ یہ باکسز زیادہ تر معمر شہریوں اور معذور لوگوں کو دیے جا رہے ہیں یا انہیں جن کے پاس کوئی ٹرانسپورٹ نہیں ہے اور اپنی کم آمدنی کی وجہ سے انہیں ان چیزوں کی ضرورت ہے۔

اکنا ریلیف یو ایس اے کے ڈائریکٹر موبائل کلینکس، ڈاکٹر محمد عذیر نے انٹرویو میں بتایا کہ اکنا ریلیف کے نوجوانوں کے شعبے کے رضاکاروں نے کووڈ 19 کی صورتحال کی وجہ سے معمر افراد کی مدد کے لیے گزشتہ روز ایک فوڈ پینٹری میں ایک سو فوڈ باکس تیار کیے ہیں اور جلد ہی وہ مزید 200 فوڈ باکسز تیار کرنے والے ہیں۔

اکنا کے رضاکار فوڈ پیکٹس تیار کر رہے ہیں۔
اکنا کے رضاکار فوڈ پیکٹس تیار کر رہے ہیں۔

پاکستانی امریکی ڈاکٹروں کی تنظیم 'اپنا' کی کووڈ-19 ٹاسک فورس کی سربراہ ڈاکٹر عائشہ ظفر نے انڈیانا سے ٹیلی فون پر ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کی تنظیم نے کرونا وائرس کی وجہ سے گھروں میں بند لوگوں اور ضرورت مند اور معذور افراد کو ان کے گھر ادویات، خوراک اور گراسری کےتھیلے پہنچانے کے لیے 65000 ڈالرز اکٹھے کیے ہیں۔ اور ان کی تنظیم، اکنا ریلیف یو ایس اے کو امریکہ میں اور سیلانی ٹرسٹ پاکستان کو پاکستان میں یہ فنڈز فراہم کر کے ان کے ذریعے گھروں میں محدود لوگوں کو ان کی دہلیز پر فوڈ گراسری بیگز پہنچا کر اس بحران سے نمٹنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

ڈاکٹر عائشہ ظفر ، اپنا ، کویڈ ٹاسک فورس انچارج
ڈاکٹر عائشہ ظفر ، اپنا ، کویڈ ٹاسک فورس انچارج

اکنا ریلیف یو ایس اے کے ڈائریکٹر موبائل کلینکس، ڈاکٹر محمد عذیر نے بتایا کہ اکنا ریلیف یو ایس اے اور اپنا شکاگو چیپٹر اگلے چند روز میں ٹیلی فون پر کرونا وائرس کی اسکریننگ کا سلسلہ شروع کرنے کی پلاننگ کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG