رسائی کے لنکس

معروف پاکستانی امریکن شاعر افتخار نسیم انتقال کرگئے


معروف پاکستانی امریکن شاعر افتخار نسیم انتقال کرگئے
معروف پاکستانی امریکن شاعر افتخار نسیم انتقال کرگئے

معروف ادیب اور شاعر افتخار نسیم شکاگو میں دل کا شدید دورہ پڑنے سے ہفتہ 23 جولائی کو انتقال کرگئے۔ وہ دو روز ہسپتال میں کومے کی حالت میں رہے۔ انکی عمر 64 برس تھی۔

اپنی منفرد شاعری اور تحریر کی وجہ سے افتخار نسیم دنیا ئے اردو ادب کی ایک جانی پہچانی شخصیت تھے۔ وہ گزشتہ اڑتیس سال سے شکاگو میں مقیم تھے، اور انگریزی میں بھی اپنے مضامین اور شاعری کی وجہ سے مقامی حلقوں میں بھی یکساں مقبول تھے۔ افتخار نسیم، جو افتی کے نام سے بھی مشہور تھے، کئی مقامی اردو اخبارات اور رسائل کے علاوہ بین الاقوامی اردو رسائل میں باقائدگی سے لکھا کرتے تھے۔

افتخار نسیم کا تعلق فیصل آباد، پاکستان کے ایک پڑھے لکھے اور ادبی خاندان سے تھا۔ انکے والد، خلیق احمد خلیق، پاکستان کے ایک نمایاں صحافی تھے، جبکہ انکی ایک بہن، اعجاز نسرین، شکاگو میں ایک معروف شاعرہ ہیں۔ انکے بھائی انجم خلیق اورخرم خلیق اردو صحافت میں ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

افتخار نسیم تعلیم کے لیے امریکہ آئے تھے، لیکن اپنا ذریعہ معاش قیمتی گاڑیوں کی خرید و فروخت کو بنایا اور اپنا اوڑھنا بچھونا ادب اور شاعری کو ! افتخار نسیم امریکہ میں چند ایک اعلانیہ مسلمان اور پاکستانی ہم جنس پرستوں میں شامل تھے۔ انکی کتاب نرمان میں بھی ہم جنس پرستی کے موضوع پر تفصیل سے لکھا گیا ہے۔ اپنے پسندیدہ شہر شکاگو کے ایک لگژری اپارٹمنٹ میں افتخار نسیم افتی کو اردو کے مشہور شعراء اور ادیب کی میزبانی کا اعزاز حاصل رہا۔ اسکے علاوہ بالی وڈ اور پاکستانی فلم اور ٹی وی سے تعلق رکھنے والی کئی نمایاں شخصیات نے بھی افتی کے اپارٹمنٹ پہ قیام کیا۔

افتخار نسیم متنازعہ ہونے کے باوجود انتہائی ہردل عزیز شخصیت تھے اور انکے دوست اور چاہنے والے دنیا کے ہر حصے میں موجود ہیں جہاں جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے۔

XS
SM
MD
LG