رسائی کے لنکس

بھارت امریکہ اسٹریٹجک مذاکرات اگلے مہینے واشنگٹن میں ہوں گے


امریکہ بھارت
امریکہ بھارت

اِن دِنوں، امریکی نائب وزیر برائے سیاسی امور ولیم برنز نئی دہلی کے دورے پر ہیں، اور مجوزہ مذاکرات کے ایجنڈے کوطےکرنے کے لیے اُنھوں نے سیکریٹری خارجہ نیروپما راؤ سے تبادلہٴ خیال کیا ہے

بھارتی وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا اور امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن کی سربراہی میں دو اور تین جون کو واشنگٹن میں پہلے بھارت امریکہ سٹریٹجک مذاکرات ہوں گے۔

گذشتہ سال کلنٹن کے دورہٴ دہلی کے موقعے پر دونوں ملکوں نے سالانہ سٹریٹجک مذاکرات کے انعقاد پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، مذاکرات میں شرکت کی غرض سے ایس ایم کرشنا یکم جون کو امریکہ روانہ ہوں گے۔

اُن کے دورے سے قبل، امریکی وزراتِ خارجہ میں نائب وزیر برائے سیاسی امور ولیم برنز نے نئی دہلی کا دورہ کیا اور مجوزہ مذاکرات کے ایجنڈے کے طے کرنے کے لیے سیکریٹری خارجہ نیروپما راؤ سے تبادلہٴ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران، توانائی اور ماحولیاتی تبدیلی، تعلیم، ترقیات، تجارت و زراعت کے شعبوں میں تعاون میں اضافے سے متعلق امور پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔

وزارتِ خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بات چیت کے دوران افتتاحی سٹریٹجک مذاکرات سے متعلق امور چھائے رہے۔ تاہم، اُنھوں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہٴ خیال کیا۔ افغانستان اور پاکستان کے خطے میں استحکام کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا۔

ولیم برنز نے بعد میں منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیرمین مونٹیک سنگھ اہلووالیا، سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیرِ مملکت پرتھوی راج چوہان اور قومی سلامتی کے مشیر شِو شنکر مینن سے بھی ملاقات کی۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG