رسائی کے لنکس

نریندر مودی کی طرح سندھ میں بھی صفائی مہم


صوبائی وزیر اطلاعات نے پاکستان چوک کی ایک سڑک پر بذات خود جھاڑو دے کر عملی طور پر اس مہم میں حصہ لیا۔

سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن کی جانب سے سندھ کو صاف ستھرا، سر سبز و شاداب اور پرامن بنانے کیلئے خصوصی ”صفائی مہم“ کا آغاز کیا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے پاکستان چوک کی ایک سڑک پر بذات خود جھاڑو دے کر عملی طور پر اس مہم میں حصہ لیا۔ ان کے ساتھ ساتھ کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی اور دیگر اہم شخصیات نے بھی سڑک پر جھاڑو لگائی۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے صفائی مہم کی تفصیلات بھی بتائیں۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ”صفائی مہم ایک سال تک جاری رہے گی اور کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی اور ان کی ٹیم اس مہم کی باقاعدہ مانیٹرنگ بھی کرے گی۔“

بھارتی وزیراعظم نریندر سنگھ مودی نے بھی ملک بھر میں ”سوچھ بھارت“ یعنی ”صاف ستھرا بھارت“ کے نام سے ایک خصوصی صفائی مہم شروع کی ہوئی ہے۔ بھارتی میڈیا اس مہم کو عام کرنے میں بھی حکومت کا بھرپور طریقے سے ساتھ دے رہا ہے۔

کچھ تجزیہ نگاروں اور بعض تبصرہ نگاروں کا کہنا ہے کہ شرجیل میمن شاید نریندر مودی سے متاثر ہو کر صفائی مہم شروع کر رہے ہیں لیکن چونکہ اس میں سب کا فائدہ ہے لہذا ایسی مہمات صرف سندھ میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں چلائی جانی چاہئیں۔

صفائی مہم کے حوالے سے محکمہ بلدیات حکومت سندھ نے بھی تفصیلات جاری کی ہیں جن میں کہا گیا کہ سندھ کے تمام شہروں اورقصبوں میں صفائی اور شجرکاری کے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مہم کے دوران ہر ماہ کراچی میں ایک لاکھ 10 ہزار پودوں سمیت پورے سندھ میں 6 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

سیوریج کے نظام میں بہتری کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو خصوصی ہدایات اور عوامی شکایات کے ازالے کیلئے شکایات سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

سرکاری زمینیوں اور کھیل کے میدانوں میں قائم غیر قانونی شادی ہالز سمیت تمام تجاوزات کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

تمام غیر قانونی بل بورڈز کا خاتمہ، ٹیکس وصولی کی بجائے بل بورڈ نصب کرنے والی کمپنیوں سے بل بورڈ کے اردگرد کے علاقے کو سرسبز و شاداب اور خوبصورت بنانے کیلئے نئے معاہدے کئے جارہے ہیں ۔

صفائی کی شکایات کے ازالے کیلئے تمام اضلاع میں ہفتے میں ایک دن ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقادممکن بنایاجارہاہے۔

پیر 23 فروری سے شروع ہونے والی صفائی مہم کے تحت ہر مہینے” ہفتہ صفائی“منایا جائے گا۔

صوبے کے تمام اسکول، کالج اور یونیورسٹی اسٹوڈنٹس، سول سوسائٹی، میڈیا، فلاحی اور تمام کاروباری تنظیموں کو صفائی و شجر کاری مہم میں عملی طور پر شریک ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔

مہم کو فروغ دینے کے لئے شہر میں جگہ جگہ بینرز آویزاں کئے گئے ہیں جبکہ میڈیا کے ذریعے بھی سندھ کو صاف ستھرا اور سرسبزوشاداب بنانے کے لئے تشہیری مہم شروع ہوچکی ہے۔

XS
SM
MD
LG