رسائی کے لنکس

ایران: جنداللہ کے رہنما کے بھائی کو پھانسی


ایران: جنداللہ کے رہنما کے بھائی کو پھانسی
ایران: جنداللہ کے رہنما کے بھائی کو پھانسی


ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے نے اطلاع دی ہے کہ کالعدم انتہاپسند سنی تنظیم جنداللہ کے سربراہ عبدالمالک ریگی کے ایک بھائی عبدالحامد ریگی کو پیر کے روز جنوب مشرقی شہر زاہدان میں واقع ایک جیل میں پھانسی دے دی گئی ہے۔

عبدالحامد ریگی کو سنائی گئی سزائے موت پر عمل گذشتہ سال جولائی اورپھر دسمبر میں معطل کر دیا گیا تھا تاکہ ان سے جنداللہ کی کارروائیوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔

عبدالحامد ریگی کو پھانسی جنداللہ کی پر تشدد کارروائی کا نشانہ بننے والے کچھ افراد کے اہلِ خانہ کی موجودگی میں دی گئی۔

جنداللہ، جو کہ اقلیتی سنی برادری کے حقوق کے لیے لڑنے کا دعویٰ کرتی ہے، ایران کے پاکستان اور افغانستان سے ملحقہ جنوب مشرقی علاقوں میں بڑھتے ہوئے پر تشدد واقعات میں شامل رہی ہے اور گذشتہ سال اکتوبر میں کیے گئے ایک طاقتور خودکش بم دھماکے کی ذمہ داری بھی اسی تنظیم نے قبول کی تھی۔ اس حملے میں پاسدران انقلاب کے 15فوجی افسران سمیت 40 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ایرانی حکام ماضی میں اسی تنظیم پر الزام لگاتے آئے ہیں کہ اس تنظیم کے القاعدہ سے روابط ہیں اور امریکہ اور برطانیہ سمیت پاکستان اس کی پشت پناہی کر رہے ہیں جس کا ان ممالک نے انکار کیا ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی سکیورٹی فورسز نے اس سال فروری میں جنداللہ کے سربراہ عبدالمالک ریگی کو اس وقت گرفتار کر لیا تھا جب وہ ایک مسافر طیارے کے ذریعے وسطی ایشیائی ریاست کرغستان جا رہا تھا۔ اس سے پہلے ایران نے متعدد بار الزام لگایا تھا کہ عبدالمالک ریگی پاکستان میں قائم اپنے ٹھکانوں سے شدت پسندانہ کاررائیوں کی نگرانی کرتا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG