رسائی کے لنکس

عراق: بم دھماکوں میں 19 ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عہدیداروں کے مطابق سب سے مہلک حملہ بغداد میں سنی ملیشیاء کے رہنماء سعید جاسم کے گھر پر ہوا۔

عراق میں عہدیداروں نے کہا ہے کہ ملک کے دارالحکومت بغداد اور شمالی حصے میں ہونے والے مختلف خودکش بم حملوں میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہو گئے۔

حکام نے بدھ کو بتایا کہ یہ حملے منگل کی رات دیر گئے ہوئے۔

عہدیداروں کے مطابق سب سے مہلک حملہ بغداد میں سنی ملیشیاء کے رہنماء سعید جاسم کے گھر پر ہوا۔ اس حملے میں دو خودکش بمباروں نے سعید جاسم کے گھر کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہاں ایک عشائیے کا اہتمام کیا گیا تھا۔

اس حملے میں 11 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق جاسم اس حملے میں محفوظ رہے تاہم وہاں تعینات فوج کے ایک بٹالین کمانڈر اور اُن کا نائب ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے۔

دوسرا حملہ موصل میں ہوا جہاں خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی پولیس کی ایک چوکی سے ٹکرا دی۔ اس حملے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہوئے۔

اقوام متحدہ کے مطابق عراق میں رواں سال دہشت گردی کے واقعات میں سات ہزار پانچ سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG