رسائی کے لنکس

  غزہ میں امداد پہنچانے کے لیے نئی شمالی گزرگاہ تعمیرکی جا رہی ہے: اسرائیل


 اسرائیل کے قریب غزہ جانے والے راستے پر اسرائیلی ٹینک حرکت کر رہے ہیں، فوٹو رائٹرزز، 10 اپریل 2024
اسرائیل کے قریب غزہ جانے والے راستے پر اسرائیلی ٹینک حرکت کر رہے ہیں، فوٹو رائٹرزز، 10 اپریل 2024
  • اسرائیلی فوج کا غزہ کی پٹی میں امداد پہنچانے کے لیے ایک نئی زمینی گزرگاہ کی تعمیر کا اعلان۔
  • وزیر خارجہ بلنکن نے بدھ کو اسرائیلی وزیر دفاع گیلنٹ کو بتایا تھا کہ امریکہ توقع کرتا ہے کہ اسرائیل غزہ میں مزید امداد پہنچانے کو آسان بنائے گا۔
  • نئی کراسنگ سے روزانہ 50 ٹرک گزریں گے جن کی روزانہ کی کل تعداد بتدریج بڑھ کر 500 تک ہو جائے گی۔ فوجی ترجمان
  • اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں اسرائیل۔حماس جنگ کے آغاز سے قبل روزانہ تقریباً 500 ٹرک غزہ کے لیے امداد لے کر آ رہے تھے۔

اسرائیل کی فوج نے جمعرات کو اعلان کیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں انسانی ہمدردی کی امداد پہنچانے کے لیے نئے اور بہتر اقدامات کر رہی ہے جس میں ایک زمینی گزرگاہ کی تعمیر بھی شامل ہے۔

فوجی ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہگاری نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ نئی کراسنگ کی مدد سے "ان علاقوں میں جہاں تک ٹرکوں کا پہنچنا مشکل ہے، شہریوں کو براہ راست زیادہ امداد پہنچائی جا سکے گی۔"

امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے بدھ کے روز اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے ساتھ ایک فون کال میں انہیں بتایا کہ امریکہ توقع کرتا ہے کہ اسرائیل غزہ میں مزید انسانی امداد پہنچانے کو آسان بنانے اور یہ بھی یقینی بنانے کہ ورلڈ سینٹرل کچن کے ایک قافلے پر اسرائیلی حملے جیسے مہلک واقعات کا اعادہ نہ ہو۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اسرائیل امدادی گروپوں کے ساتھ رابطہ کاری کے اپنے وعدے پورے کرے گا۔

محکمہ خارجہ نے کہا کہ بلنکن اور گیلنٹ نے جنگ بندی کے معاہدے کے بارے میں جاری بات چیت پر بھی تبادلہ خیال کیا جس میں غزہ میں حماس کے دہشت گرد گروپ کے پاس موجود یرغمالوں کی رہائی بھی شامل ہو گی۔

بین الاقوامی امدادی تنظیمیں کئی ماہ سے ٹرکوں کے ذریعے امداد غزہ پہنچانے میں حائل رکاوٹوں کی شکایت کر رہی ہیں جن میں اسرائیلی فوج کی طرف سے ہونے والی تاخیر اور جنگ کی تباہی کے باعث شمالی غزہ جیسے علاقوں تک محفوظ رسائی جیسے مسائل شامل ہیں۔

رفح سرحدی گزر گاہ پر انسانی ہمردی کی امداد کے ٹرک غزہ میں داخلے کے منتظر، فوٹو 19 نومبر 2023
رفح سرحدی گزر گاہ پر انسانی ہمردی کی امداد کے ٹرک غزہ میں داخلے کے منتظر، فوٹو 19 نومبر 2023

ہگاری نے کہا کہ اسرائیل کو توقع ہے کہ نئی کراسنگ سے روزانہ 50 ٹرک گزریں گے اور روزانہ غزہ کی پٹی تک پہنچنے والے ٹرکوں کی تعداد 350 سے بتدریج بڑھ کر 500 تک ہوجائے گی۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں اسرائیل۔حماس جنگ کے آغاز سے قبل روزانہ تقریباً 500 ٹرک غزہ کے لیے امداد لے کر آ رہے تھے۔

وی او اے نیوز

فورم

XS
SM
MD
LG