رسائی کے لنکس

اسرائیل نے ماہ رمضان میں غیر مسلموں کا مسجد اقصیٰ میں داخلہ روک دیا


مسجد اقصیٰ کا ایک منظر، فائل فوٹو
مسجد اقصیٰ کا ایک منظر، فائل فوٹو

اسرائیل نے منگل کے روز کشیدہ صورت حا ل کے باعث یہودیوں اور سیاحوں کے یروشلم کے مقدس مقام کے دورے پر پابندی لگا دی ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں دو مسلح فلسطینیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیاہے۔

پچھلے ہفتے، اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے احاطے پر چھاپہ مارا، جو دہائیوں سے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی کا ایک بڑا سبب ہے۔ جس کے ردعمل میں غزہ، جنوبی لبنان اور شام سے اسرائیل کے خلاف راکٹ داغے گئے جس کا جواب اسرائیل نے فضائی اور توپ خانے کے حملوں سے دیا ۔

وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے سیکیورٹی مذاکرات کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ رمضان کے اختتام تک احاطے کے مقدس مقام میں جسے یہودی ٹیمپل ماؤنٹ کہتے ہیں، غیر مسلموں کا داخلہ روک دیا جائے گا۔ ماہ رمضان کا اختتام 20 اپریل کے لگ بھگ متوقع ہے۔

فلسطینی حکام کی جانب سے اس پابندی پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا، جسے اسرائیل نے گزشتہ برسوں کے دوران عائد کیا تھا۔

نیتن یاہو کے انتہائی دائیں بازو کے پولیس وزیر اتمار بین گویر نے یہ کہتے ہوئے اس پابندی کی مذمت کی ہے کہ ، ’’جب دہشت گردی ہم پر حملہ آور ہو تو ہمیں بڑی قوت کے ساتھ اس کاجوابی دینا چاہیے ، اس کے آگے ہتھیار نہیں ڈالنے چاہیئں ‘‘۔

گزشتہ ایک برس سے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے، خاص طور پرمسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان اور یہودیوں کے مقدس مہینے پاس اور ایک ساتھ آنے سے مقدس سرزمین پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

منگل کے روز اسرائیلی فوج نے کہا کہ دو مسلح فلسطینیوں نے فوج کی ایک چوکی پر فائرکھول دیا جس پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے فوجیوں نے انہیں گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ یہ واقعہ ایلون مورہ کی بستی کے قریب پیش آیا جو نبلس شہر کے قریب واقع ہے۔ اس علاقے میں اکثر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت نے دو ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تشدد بڑھنے سے مغربی کنارے کے علاقوں میں اسرائیلی فوج کے چھاپوں میں اضافہ ہوا ہے۔ جنوری سے اب تک 90 سے زیادہ فلسطینی جن میں زیادہ تر عسکریت پسند تھے، مارے جا چکے ہیں، جب کہ 19 اسرائیلی اور غیر ملکی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

(اس خبر کی تفصیلات رائٹرز سے لی گئیں ہیں)

XS
SM
MD
LG