رسائی کے لنکس

آئیوری کوسٹ: فرانسیسی سفیر کا ملک چھوڑنے کا حکم


آئیوری کوسٹ کے صدر باگبودارالحکومت ابیدجان میں افریقی یونین کے ارکان کے ساتھ
آئیوری کوسٹ کے صدر باگبودارالحکومت ابیدجان میں افریقی یونین کے ارکان کے ساتھ

مسٹر باگبو کے صدارتی حریف ابیدجان کے ایک ہوٹل میں مقیم ہیں جنہیں اقوام متحدہ کے امن فوجی تحفظ فراہم کررہے ہیں۔

آئیوری کوسٹ میں اپنے عہدے پر موجود صدر لیورنٹ باگبو کا کہناہے کہ انہوں نے فرانسی سفیر کی اسناد سفارت منسوخ کردی ہیں۔ یہ فیصلہ فرانس کی جانب سے ملک کے متنازعہ انتخابات میں ان کے حریف اوتارا کی کامیابی کو تسلیم کرنے کے ردعمل میں سامنے آیا ہے۔

مسٹر باگبو کے ایک ترجمان نے ہفتے کے روز سرکاری ٹیلی ویژن پر اس حکم کااعلان کیا۔

مسٹر اوتارا پہلے ہی فرانس کے لیے علی کولبالی کو اپنا سفیر نامزد کرچکے ہیں۔

مسٹر باگبو کی حکومت اس سے قبل کینیڈا اور برطانیہ کے سفیر وں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے چکی ہے، تاہم انہوں نے جانے سے انکار کردیا تھا۔

صدر باگبو اختیارات مسٹر اوتارا کو منتقل کرنے کے مطالبات نظر انداز کرچکے ہیں، جن کی نومبر کے صدارتی انتخابات میں کامیابی کو بین الاقوامی طورپر تسلیم کیا گیا تھا۔ اس صدارتی تعطل نے مغربی افریقہ کے اس ملک میں ایک سیاسی بحران کو جنم دیاہے۔

تنازع کے حل کے لیے افریقی یونین اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور مغربی افریقہ کے راہنما آئیوری کوسٹ کے بحران کے حل کے سلسلے میں ہفتے کے روز مالی میں ایک سربراہ اجلاس میں شریک ہوئے۔

مغربی افریقی ممالک کی تنظیم مسٹر باگبو کے مستعفی نہ ہونے کی صورت میں طاقت کے استعمال کی دھمکی دے چکی ہے۔

مسٹر باگبو کے صدارتی حریف ابیدجان کے ایک ہوٹل میں مقیم ہیں جنہیں اقوام متحدہ کے امن فوجی تحفظ فراہم کررہے ہیں۔وہ یہ کہہ چکے ہیں مسٹر باگبو فوری طورپر پرامن انداز میں اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں تو وہ انہیں سابق صدر کی تمام مراعات کے ساتھ ملک میں رہنے کی اجازت دینے کے لیے تیار ہیں۔

XS
SM
MD
LG