رسائی کے لنکس

افغانستان: خود کُش دھماکا، تین افراد ہلاک


افغان پولیس نے کہا ہے قد ھار شہر کے قریب بم کے ایک خود کُش حملے میں تین افراد ہلاک اور30 سےزیادہ لوگ زخمی ہوگئے۔

سکیورٹی سے متعلق حکام نے منگل کے روز کہا ہے کہ طالبان جنگجوؤں نے ایک ایسے احاطے میں بموں کو دھماکے سے اُڑا دیا، جہاں سے قندھار ائر فیلڈ کے قریب نیٹو کی فوجوں کو مدد فراہم کی جاتی ہے۔

افغان فوج اور نیٹو کی فوجوں نے قندھار شہر کو طالبان باغیوں سے پاک کرنے کے لیے ایک بڑی فوجی کارروائى کا منصوبہ بنایا ہے ۔

اقوامِ متحدہ نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے کچھ غیر ملکی ملازمین کو عارضی طور پر قندھار سے کابل منتقل کررہی ہے۔ اُس نے قندھار میں اپنے 200 سے زیادہ افغان ملازمین سے یہ بھی کہا تھا کہ وہ فی الحال گھروں میں رہیں۔

افغان صدر حامد کرزئى کے سوتیلے بھائى نے قندھار شہر سے عملے کو نکال لینے کے بارے میں اقوامِ متحدہ کے فیصلے پر نکتہ چینی کی ہے۔

جنوبی صوبے قندھار کے ایک چوٹی کے عہدے دار احمد ولی کرزئى نے منگل کے روز کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ نے سکیورٹی کی صورتِ حال کی وجہ سے عملے کو شہر سے نکالتے ہوئے جس ردّ عمل کا اظہار کیا ہے، وہ حد سے زیادہ ہے۔

گذشتہ اکتوبر میں کابل میں ایک مہمان خانے پر کیے جانے والے ایک حملے میں اقوامِ متحدہ کے پانچ غیر ملکی کارکنوں کی ہلاکت کے بعد عالمی ادارے نے اپنے بین الاقوامی عملے کے سینکڑوں ارکان کو افغانستان سے واپس بلا لیا تھا۔

اسی دوران نیٹو نے کہا ہے کہ مشرقی افغانستان میں مسلح لوگوں نے اُس کے ایک فوجی کو ہلاک کردیا۔نیٹو نے فوجی کا نام یا قومیت نہیں بتائى۔

XS
SM
MD
LG