رسائی کے لنکس

لاہور میں میٹرو بس کے بعد میٹرو ٹرین کا منصوبہ


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد لوگوں کو آمدو رفت کا ایک بہتر اور سہل ذریعے میسر ہو گا۔

پاکستان اور چین نے لاہور شہر کے لیے میٹرو ٹرین سروس شروع کرنے کے ایک منصوبے پر دستخط کیے ہیں۔

اس منصوبے پر ایک ارب 60 کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی اور اس کے لیے ٹرین کے ٹریک کی لمبائی تقریبا ً 27 کلومیڑ ہو گی۔

دونوں ملکوں کے درمیان اس معاہدے پر جمعرات کو چین میں دستخط ہوئے۔

پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ یہ پاکستان کے عوام کے لیے ایک نہایت اہم دن ہے اور اس منصوبے کی تکمیل کے بعد لوگوں کو آمدورفت کا ایک بہتر اور سہل ذریعے میسر ہو گا۔

لاہور پاکستان کا دوسرا بڑا شہر ہے اور ایک اندازے کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل کے بعد دو لاکھ سے زائد افراد روزانہ میٹرو ٹرین کے ذریعے سفر کریں گے۔

پنچا ب کے وزیر اعلیٰ نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں لاہور میں میٹرو بس کا منصوبہ مکمل کیا تھا جب کہ اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی کے درمیان میٹرو بس کے منصوبے پر کام جاری ہے۔

پاکستان کے صدر ممنون حسین اور ان کے چینی ہم منصب ژی جن پنگ بھی میٹرو ٹرین منصوبے پر دستخط کی تقریب میں موجود تھے۔

پاکستان کے صدر ممنون حسین ایک اعلیٰ وفد کے ہمراہ چین کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے
ایشیائی ممالک کے درمیان روابط اور اعتمادی سازی کے فروغ کے لیے ہونے والی چوتھی سربراہی کانفرنس میں شرکت کی۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ممنون حسین اور ان کی چینی ہم منصب ژی جن پنگ نے ایک ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری کے مجوزہ منصوبوں کی جلد تکمیل پر اتفاق بھی کیا۔
XS
SM
MD
LG