رسائی کے لنکس

امریکہ: سرکس میں حادثہ، 20 افراد زخمی


فائل
فائل

سرکس میں 3900 تماشائی موجود تھے جنہیں ابتداً پتا ہی نہیں چلا کہ آیا بازی گروں کا گرنا کسی کرتب کا حصہ ہے یا انہیں واقعی حادثہ پیش آیا ہے۔

امریکہ میں ایک سرکس کے دوران کرتب دکھانے کے دوران بازی گروں کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے نو کی حالت تشویش ناک ہے۔

حکام کے مطابق حادثہ اتوار کی شب رہوڈز آئی لینڈ کے علاقے میں 'رنگلنگ برادرز' نامی سرکس کمپنی میں پیش آیا جب فضا میں کرتب دکھانے والی خواتین بازی گروں کا ایک گروہ رسی ٹوٹنے کے باعث 40 فٹ کی بلندی سے زمین پر آگرا۔

ایک عینی شاہد نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ حادثے کے وقت سرکس میں 3900 تماشائی موجود تھے جنہیں ابتداً پتا ہی نہیں چلا کہ آیا بازی گروں کا گرنا کسی کرتب کا حصہ ہے یا انہیں واقعی حادثہ پیش آیا ہے۔

ایک امدادی اہلکار کے مطابق حادثے میں سرکس کے عملے میں شامل آٹھ خواتین اور ایک مرد بری طرح زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

'رہوڈز آئی لینڈ' کے اسپتال کی خاتون ترجمان نے بتایا ہے کہ اسپتال کے ہنگامی امداد کے شعبے میں 11 افراد کی مرہم پٹی کی گئی ہے جب کہ سات افراد مستقل نگہداشت کے شعبے میں داخل ہیں۔

سرکس کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام بازی گر چھت پر نصب آلات سے بندھے ہوئے تھے جس کے باعث زمین کے نزدیک حفاظتی جال بچھانا ضروری نہیں سمجھا گیا تھا۔

عینی شاہدین نے حکام کو بتایا ہے کہ تمام بازی گر چھت کے ساتھ ایک تار کے ذریعے منسلک چھتری نما سطح سے بندھے ہوئے تھے جو تار ٹوٹنے کے بعد نیچے آن گری۔

حکام کے مطابق سرکس انتظامیہ نے تمام ضروری اجازت نامے حاصل کر رکھے تھے۔ حادثے کے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
XS
SM
MD
LG