رسائی کے لنکس

صدارتی مہم میں خواتین سے متعلق بیانات 'تکلیف دہ'


خاتون اول مشیل اوباما
خاتون اول مشیل اوباما

مشیل اوباما نے کہا کہ "عام طور پر ایسا نہیں ہوتا، یہ معمول کی سیاست نہیں ہے۔"

امریکہ کی خاتون اول مشیل اوباما نے جمعرات کو کہا کہ ایک صدارتی امیدوار کی طرف سے خواتین اور ان کی ذات سے متعلق سامنے آنے والے بیانات "ظالمانہ خوفناک، اور تکلیف دہ ہیں۔"

مشیل نے نیو ہیمپشائر میں ہلری کلنٹن کی مہم کے دوران نہایت جذباتی تقریر میں ڈونلڈ ٹرمپ کا نام لے کر ذکر نہیں کیا۔ تاہم وہ واضح طور پر ان چار خواتین کے تازہ الزامات کا حوالے دے رہی تھیں جنہوں نے کہا تھا کہ ٹرمپ نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا۔

مشیل نے کہا کہ "عام طور پر ایسا نہیں ہوتا، یہ معمول کی سیاست نہیں ہے۔"

"یہ شرمناک ہے، یہ ناقابل برداشت ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا آپ کا تعلق کس جماعت سے ہے، ڈیموکریٹ، ریپبلکن، آزاد (ہیں) ہم میں سے کسی کے ساتھ بھی ایسی زیادتی نہیں ہونی چاہیے۔ ۔۔۔اس کو فوری طور پر بند ہونا ہو گا۔"

خاتون اول نے کہا کہ انہیں "کسی طاقتور شخص سے جو جارحانہ جنسی رویے کے بارے می کھلے عام اور آزادی سے بات کر رہا ہے" صرف اس بار ے میں تشویش نہیں ہے بلکہ (انہیں فکر ہے کہ) اس کا نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں پر کیا اثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عورتوں کے حقوق اور تعلیم کے حوالے سے ایک ماڈل کے طور پر ساری دنیا امریکہ کی طرف دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ "اگر ہمارا ایک ایسا صدر ہو جو معمول کے مطابق عورتوں کی تحقیر کرے، جو خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے بارے میں شیخی بگھارے، تو پھر کس طرح ہم دنیا میں اپنی اخلاقی برتری قائم رکھ سکتے ہیں۔ ہم کس طرح آزادی اور انصاف اور انسانی وقار کا ایک روشن مینار رہ سکتے ہیں۔"

ٹرمپ نے 'نیویارک ٹائمز' اخبار ، فلوریڈا کے 'پام بیچ پوسٹ' اور 'پیپل میگزین' میں شائع ہونے والے خواتین کے ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا ہے کہ انہوں نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہانیاں " مکمل طور پر جھوٹ ہیں"۔

ٹرمپ نے جمعرات کو فلوریڈا میں اپنے حامیوں کو بتایا کہ "یہ تمام دعوے من گھڑت، افسانہ اور صریحاً جھوٹ ہیں۔"

"یہ واقعات کبھی بھی نہیں ہوئے اور جن لوگوں نے انہیں بیان کیا ہے وہ بھی یہ جانتے ہیں۔"

ٹرمپ نے کہا کہ ان کے پاس ان دعوؤں سے "اختلاف کے لیے واضح ثبوت ہیں" اور وہ ان کو " بہت جلد مناسب وقت" پر منظر عام پر لائیں گے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ہلری اور سابق صدر بل کلنٹن یہ " اچھی طرح" جانتے ہیں کہ یہ کہانیاں جھوٹی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وائٹ ہاؤس میں جانے کی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے امریکی میڈیا کے ہلری کے ساتھ " خاص سیاسی مفادات" وابستہ ہیں۔

ہلری نے ٹرمپ کے نئے الزامات پر اپنے ردعمل میں صرف اتنا کہا کہ لوگ مشیل اوباما کی تقریر کو دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ خاتون اول نے "موثر انداز میں بیان کیا کہ انتخاب میں بہت کچھ داؤ پر لگا ہے۔"

XS
SM
MD
LG