رسائی کے لنکس

فلم "ایجنٹ ونود" باکس آفس پر کمال کرنے میں ناکام


سیف علی خان اور کرینہ کپور کی شہ سرخیوں میں رہنے والی فلم ”ایجنٹ ونود “باکس آفس پرکوئی کمال نہیں کرسکی اورآج ریلیز کے چھٹے دن بھی سنیماہالز میں لوگوں کی لائنیں نہیں لگ سکیں۔ حالانکہ فلم کے حوالے سے بہت سی پیشگوئیاں کی جارہی تھیں اور سیف و کرینہ نے فلم کو ہٹ کرانے کے لئے اپنی پوری طاقت اور وسائل بھی صرف کردیئے تھے لیکن ،بھارت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ،فلم بینوں نے اس فلم میں کوئی خاص دلچسپی نہیں لی۔

فلم نے ریلیز کے ابتدائی تین دنوں میں صرف ساڑھے ستائس کروڑ روپے کا ہی بزنس کیا جبکہ فلم کے سیٹیلائٹ حقوق بھی 15کروڑ روپے سے زائد میں فروخت نہیں ہوسکے ۔ ادھر بیرون ملک کا کلیکشن بھی غیر معمولی ثابت نہیں ہوسکا۔ فلمی حلقوں کا کہنا ہے کہ فلم میں کچھ زیادہ ہی کلائمیکس کا استعمال کیا گیا ہے جس سے دیکھنے والا کنفیوز ہوگیا اور پھر ان کے لئے فلم بورہوتی چلی گئی۔

وہیں باکس آفس ایکسپرٹ امود مہرہ کا کہنا ہے کہ فلم اپنی لاگت پر آنے والا خرچ بھی وصول کرلے توبڑی بات ہوگی۔” ایجنٹ ونود “پر تقریباً 65کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں جو فلمی پنڈتوں اور باکس آفس پر گہرا مشاہدہ رکھنے والوں کے نزدیک شاید ہی موصول ہوں۔

اطلاعات کے مطابق ممبئی کے مقابلے میں دہلی میں فلم کو اور بھی کم رسپانس ملا جس کی ایک بڑی وجہ فائنل امتحانات ہیں۔ان دنوں دہلی کے تمام تعلیمی اداروں میں سالانہ امتحانات ہورہے ہیں جس کی وجہ سے لوگ تھیٹر کا رخ نہیں کررہے۔

یہ صورتحال فلم کے لئے اچھی ثابت نہیں ہوگی کیوں کہ بھارت میں کسی بھی نئی فلم کے لئے پہلا ہفتہ بہت اہم شمار ہوتا ہے ، اگر فلم ابتدائی دو تین دنوں میں ہی باکس آفس پر بھیڑ اکھٹی کرنے میں کامیاب ہوجائے تو عموماًفلم ہٹ ہوجاتی ہے ورنہ اس کا انجام ناکامی کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔

XS
SM
MD
LG