رسائی کے لنکس

تلہ گنگ میں نیٹوکےچار آئل ٹینکروں پرحملہ، چارپولیس والےہلاک


ہفتےکی شب پنڈی تلہ گنگ روڈ پردوگاڑیوں میں سوارنامعلوم مسلح افراد نےافغانستان میں تعینات نیٹوافواج کےلیےتیل لےکرجانےوالےچارآئل ٹینکروں پرفائرکرکےاُنھیں آگ لگادی۔

اعلیٰ پولیس حکام کےمطابق، یہ واقعہ صدر تلہ گنگ کےعلاقےمیں احسان فِلنگ اسٹیشن پرہوا ۔

راولپنڈی کے اعلیٰ پولیس عہدے دار، اسلم ترین نے واقعے کے بارے میں وائس آف امریکہ کو بتایا کہ فائرنگ شروع ہوتے ہی پولیس وہاں پہنچی۔ اُن کے بقول، ‘فائرنگ کے تبادلے میں ہمارے ایک سب انسپیکٹر اور تین کانسٹیبل شہید ہوگئے۔’

اسلم ترین نے بتایا کہ حملہ آوروں کی شناخت کے بارے میں ابھی پولیس کو کچھ معلوم نہیں ہو سکا اور نہ ہی حملہ آوروں میں سے کوئی، اُن کے بقول، ہلاک، زخمی یا گرفتار ہوا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور وہ خود بھی جلد وہاں پہنچیں گے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کے لیے رسد اور تیل کراچی سے خیبر ایجنسی کے راستے افغانستان بھیجا جاتا ہے اور عسکریت پسند اِن قافلوں پر حملے کرتے آئے ہیں، جِن میں آئل ٹینکروں کو آگ لگا دی جاتی ہے اور سامانِ رسد لوٹ لیا جاتا ہے۔

تاہم، ایسے واقعات زیادہ تر خیبر پختون خواہ میں ہوتے ہیں اور پنجاب میں کم ہی ایسے حملے ماضی میں دیکھے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG