رسائی کے لنکس

نیپال: ہڑتال کے خلاف ہزاروں لوگوں کا مظاہرہ


ہڑتال کے خلاف ہزاروں لوگوں کا مظاہرہ
ہڑتال کے خلاف ہزاروں لوگوں کا مظاہرہ

نیپال میں سیاسی محاذ آرائى اور چھ روز سے جاری اُس ہڑتال کے خلاف، جس نے ملک کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے ، ہزاروں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج اور ملک گیر ہڑتال ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دارالحکومت کٹھمنڈو میں جمعے کے روز اس مظاہرے کا اہتمام کئى سماجی اور پیشہ ورانہ تنظیموں نے کیا تھا۔اور یہ پہلا موقع ہے جب درمیانے طبقے کے کارکنوں نے ماؤ نواز عناصر کی اپیل پر کی جانے والی ہڑتال کی مخالفت کی ہے۔

مظاہرے کے بعد ماؤ نواز حزبِ اختلاف کے حامیوں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں ایک دوسرے پر پتھر پھینکے گئے۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے ہوا میں فائرنگ کی اور آنسو گیس استعمال کی۔ اس ہنگامے میں بھگدڑ کے دوران درجنوں لوگ زخمی ہوگئے ، تاہم کوئى ہلاک نہیں ہوا۔

گذشتہ اتوارسے ماؤ نواز حزبِ اختلاف کی اپیل پر شروع ہونے والی ہڑتال کے بعد سے نیپال میں بہت سے لوگوں کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا ہے ۔حزب اختلاف کا مطالبہ ہے کہ وزیرِ اعظم مستعفی ہو جائیں اور اقتدار اُس کے حوالے کردیں۔

ہڑتال کی وجہ سے اشیائے خوراک کی فراہمی کم ہوتی جارہی ہے اور سفر اور کاروبار میں رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG