رسائی کے لنکس

’جب تک ہے جہاں ‘ اور سن آف سردار ‘ ہٹ ہوگئیں


سنیماہالز پر دھماکے دار اینٹری کے ساتھ ہی دونوں فلمیں ناظرین کے دلوں کو بھاگئی ہیں اور ریلیز کے تین دن بعد بھی لوگ قطاروں میں لگے نظر آرہے ہیں۔

رواں ہفتے ریلیز ہونے والی 2بڑی فلموں ”جب تک ہے جاں“ اور ” سن آف سردار“ نے باکس آف پر دھوم مچا دی ہے۔ منگل کے روزسنیماہالز پر دھماکے دار اینٹری کے ساتھ ہی دونوں فلمیں ناظرین کے دلوں کو بھاگئی ہیں اور ریلیز کے تین دن بعد بھی لوگ قطاروں میں لگے نظر آرہے ہیں۔

دونوں فلمیں تین دنوں میں ریکارڈ بزنس کرچکی ہیں۔ شاہ رخ خان، انوشکا شرما اور کترینہ کیف کی ’جب تک ہے جاں‘ بھارت بھر کے 2500 سینما گھروں میں نمائش کے لئے پیش کی گئی تھی۔ ان سنیماہالز سے تین دن کے دوران فلم کو 15کروڑ سے زیادہ کا بزنس ملا ہے ۔

اس کے مقابلے میں اجے دیوگن، سوناکشی سنہا اور سنجے دت کی ’سن آف سردار‘ نے باکس آفس پر تین دنوں کے دوران 10کروڑ 70لاکھ روپے کا بزنس کیا ہے۔ ’سن آف سردار‘ 2000سنیماہالز میں ریلیز کی گئی تھی ۔

فلم ٹریڈ سے وابستہ تجزیہ کار ترون آدرش نے انڈو ایشین نیوز سروس کو بتایا’ ’یہ دیوالی بالی وڈ کے لئے بہت ’شبھ ‘اور زبردست رہی۔’عام سینماگھروں میں ’سن آف سردار‘ خوب رش لے رہی ہے جبکہ ملٹی پلیکسز میں ”جب تک ہے جاں“ کا پلہ بھاری ہے۔ ابتدائی رپورٹس بتا رہی ہیں کہ دونوں ہی فلمیں باکس آفس’ونر‘ ہیں۔ “

ادیتیہ چوپڑہ کے پروڈکشن اور آنجہانی یش چوپڑہ کی ڈائریکشن میں بنی ’جب تک ہے جاں‘ پر پچاس کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ دوسری طرف ’سن آف سردار‘ کا بجٹ اس بھی زیادہ کا تھا۔اس فلم پر اسی کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔

پروڈیوسر سبھاش گھئی کی فلم کمپنی مکتا آرٹس کے روح رواں سنجے گھئی اور دیگر کئی ماہرین اور تجزیہ نگاروں نے پیش گوئی کی ہے کہ ”جب تک ہے جاں“ اور ”سن آف سردار“جلد ہی سو کروڑ روپے کی حد عبور کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی۔
XS
SM
MD
LG