رسائی کے لنکس

نئی پابندیوں پر شمالی کوریا کی امریکہ پر 'سخت تنقید'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کے صدر براک اوباما نے گزشتہ جمعہ کو ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے دس شخصیات اور تین تنظیموں پر پابندیاں عائد کرنے کی اجازت دی تھی۔

شمالی کوریا نے سونی پکچرز کے کمپیوٹرز پر سائبر حملے کے الزام میں عائد کی جانے والی نئی پابندیوں پر امریکہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

شمالی کوریا کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان نے ان پابندیوں کو "دشمنی پر مبنی اور اشتعال انگیز" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان سے صرف ملک کی خودمختاری کے دفاع کے پیانگ یانگ کاعزم ہی مزید مضبوط ہوگا۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے گزشتہ جمعہ کو ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے دس شخصیات اور تین تنظیموں پر پابندیاں عائد کرنے کی اجازت دی تھی۔

وائٹ ہاؤس کے حکام کا کہنا تھا کہ یہ پابندیاں شمالی کوریا کو متعدد اشتعال انگیزیوں بشمول سائبر حملے پر سزا دینے کے سلسلے کی پہلی کڑی ہیں۔

سونی پکچرز نے حال ہی میں ایک فلم تیار کی تھی جس کا مرکزی خیال شمالی کوریا کے رہنما کے قتل کا ایک مزاحیہ منصوبہ تھا۔ گزشتہ ماہ اس ادارے کے کمپیوٹرز پر سائبر حملہ ہوا جس کا الزام امریکہ شمالی کوریا پر عائد کرتا ہے۔

امریکہ محکمہ خزانہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ نئی تعزیرات شمالی کوریا پر پہلے سے عائد پابندیوں کو مزید سخت کریں گے جن کے تحت پابندیوں کے شکار افراد کو امریکی مالی نظام تک رسائی نہیں ہوگی اور ساتھ ہی ساتھ امریکی شہریوں کو شمالی کوریا کے ساتھ کسی بھی طرح کے لین دین کی ممانعت ہوگی۔

امریکہ نے شمالی کوریا پر اس کے جوہری پروگرام کی وجہ سے پہلے ہی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ سائبر سکیورٹی کے معاملے پر تعزیرات عائد کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG