رسائی کے لنکس

کانگریس ٹیکسوں پر قانون سازی کرے: صدر اوباما


صدر اوباما نے کہا کہ انہوں نے خسارے میں کمی،درمیانے طبقے کے تحفظ اور معیشت کے فروغ سے متعلق جمعے کو کانگریس کے راہنماؤں سے تعمیری مذاکرات کیے۔

امریکی صدر براک اوباما نے کانگریس پر زور دیا ہے کہ وہ عام لوگوں اور کاروباروں کو یکم جنوری سے خودکار نظام کے تحت عائد ہونے والے بھاری ٹیکسوں سے بچانے کے لیے قانون سازی کریں۔

سنیچر کے روز اپنے ہفتے وار خطاب میں مسٹر اوباما نے کہاکہ ایسے میں جب کہ کانگریس ڈھائی لاکھ ڈالر سالانہ سے زیادہ کمانے والوں کو ٹیکسوں سے بچانے کے لیے بحث مباحثوں میں مصروف ہے، متوسط طبقے کو یرغمال نہیں بنایا جانا چاہیے۔

صدر اوباما نے کہا کہ انہوں نے خسارے میں کمی،درمیانے طبقے کے تحفظ اور معیشت کے فروغ سے متعلق جمعے کو کانگریس کے راہنماؤں سے تعمیری مذاکرات کیے۔

جب کہ دوسری جانب حزب مخالف ری پبلیکن پارٹی کے ہفتہ وار خطاب میں نیوہمشائر سے تعلق رکھنے والی سینیٹر کیلی نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی ٹیکسوں میں اضافے اور دفاع جیسے شعبوں میں سرکاری اخراجات کی بڑے پیمانے کی کٹوتیاں روکنے کے لیے لازمی طور پر کسی سمجھوتے پر پہنچنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس بڑھانے کی بجائے غیر ضروری اخراجات روکنا پہلی ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ یہ مقابلتاً معیشت کے لیے کم نقصان دہ ہے ، خاص طور پر چھوٹے کاروباروں اور ان افراد کے لیے جو روزگار کی تلاش میں ہیں۔
XS
SM
MD
LG