رسائی کے لنکس

صدر براک اوباما کی ایشیائی راہنماؤں سے ملاقاتیں


صدر براک اوباما کی ایشیائی راہنماؤں سے ملاقاتیں
صدر براک اوباما کی ایشیائی راہنماؤں سے ملاقاتیں

امریکی صدر براک اوباما نے جمعے کے روز انڈونیشیا کے ایک تفریحی مقام بالی میں مشرقی ایشیائی ممالک کی سربراہی کانفرنس کے موقع پر کئی ایشیائی راہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

ان کی پہلی ملاقات بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ سے تھی۔ مسٹر اوباما نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک مشرقی ایشیائی ممالک کی کانفرنس کو مختلف معاملات کے لیے ،جو سمندروں سے متعلق سیکیورٹی اور جوہری عدم پھیلاؤ سے لے کرقدرتی آفات کے دوران امدادی سرگرمیوں اور انسانی بھلائی کے امور میں تعاون تک پھیلے ہوئے ہیں، مل کر کام کرنے کا ایک پلیٹ فارم سمجھتے ہیں۔

امریکی صدر نے انڈونیشیا کے صدر یودھوہونو سے بھی ملاقات کی۔ مسٹر اوباما کا کہناتھا کہ دونوں راہنماؤں نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے اور انڈونیشیا کی فوج کو جدید بنانے کے لیے تربیت اور مدد فراہم کرنے پراتفاق کیا ۔

مسٹر اوباما نے جمعرات کے روز انڈونیشیا کی مقامی فضائی کمپنی لائن ایئر کی جانب سے بوئنگ طیاروں کی خرید کے معاہدے کا خیرمقدم کیا۔ طیارہ ساز کمپنی کا کہناہے کہ 22 ارب ڈالر مالیت کے 230 بوئنگ 737 طیاروں کا آرڈر کمپنی کی سب سے بڑا آرڈر ہے۔

صدر اوباما کا کہناتھا کہ امریکہ اور انڈونیشیا ، دیر پا ترقی، صحت عامہ اور پبلک سروس کے 60 کروڑ ڈالر مالیت کے منصوبوں کے معاہدے پر بھی دستخط کریں گے۔

مسٹر اوباما نے مشرقی ایشیائی ممالک کی سربراہ کانفرنس کے عشائے میں شرکت سے قبل فلپائن اور ملائیشیا کے راہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔

انڈونیشیا میں اپنے قیام کے دوران وہ ایشیائی ممالک کے راہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں جو جنوبی بحیرہ چین کے چین کے ساتھ علاقائی تنازع میں امریکی حمایت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG