رسائی کے لنکس

ناران اور کاغان میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کے لیے کوششیں جاری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اطلاعات کے مطابق اختتام ہفتے چھٹیوں کی وجہ سے بڑی تعداد میں سیاح ناران میں موجود تھے اور جیسے ہی برفباری شروع ہوئی تو اُنھوں اپنے گھروں کو جانے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے سیاحتی مقامات ناران اور کاغان میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔

ان سیاحتی علاقوں میں گزشتہ دو روز کے دوران شدید برفباری کے بعد راستے بند ہو گئے تھے اور کئی سیاح وہاں پھنس گئے تھے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے مطابق ناران سے نکلنے والے زمینی راستے کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے ناران میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے اور آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے ’این ڈی ایم اے‘ سے کہا ہے کہ سیاحوں کو نکالنے کے لیے صوبائی حکومت کو تعاون اور ہر ممکن مدد فراہم کرے۔

وزیراعظم نے سیاحوں کو نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹر بھی فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

’این ڈی ایم اے‘ کے مطابق چار ہیلی کاپٹر اس مقصد کے لیے تیار ہیں اور جیسے ہی موسم بہتر ہو گا ناران سے سیاحوں کو نکالنے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

تاہم اب تک جن زمینی راستوں کو بحال کیا گیا ہے اُن کے ذریعے سیاحوں کو نکالنے کا کام جاری ہے اور اطلاعات کے مطابق 1500 کے لگ بھگ سیاحوں کو منتقل کیا جا چکا ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق غیر ملکی سیاحوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق اختتام ہفتے چھٹیوں کی وجہ سے بڑی تعداد میں سیاح ناران میں موجود تھے اور جیسے ہی برفباری شروع ہوئی تو اُنھوں اپنے گھروں کو جانے کا فیصلہ کیا۔

اس دوران سڑکوں پر رش کی وجہ سے گاڑیاں پھنس گئیں اور برفباری کی وجہ سے راستے بند ہونے سے صورت حال مزید بگڑ گئی۔

تاہم عہدیداروں کے مطابق صورت حال میں بہتری آ رہی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ پیر کی شام تک بیشتر سیاحوں کو نکال لیا جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد حنیف کے مطابق ملک میں موسم سرما کا آغاز ہو چکا ہے مگر شمالی علاقوں میں اتنی برفباری خلاف توقع تھی۔

’’کاغان ناران میں ماہ اکتوبر میں برفباری ہونا غیر معمولی بات ہے۔ عموماً ماہ اکتوبر میں اتنی شدید برفباری نہیں ہوتی ۔۔۔ آج شام بھی برفباری یا بارش ہونے کا امکان ہے مگر امید ہے کہ کل دوپہر تک کاغان، ناران، مانسہرہ میں موسم کسی حد تک صاف ہو جائے گا۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں بھی بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

ناران اور کاغان کا شمار پاکستان کے معروف سیاحتی علاقوں میں ہوتا ہے اور بڑی تعداد میں مقامی اور غیر ملکی سیاح ان علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔

پاکستان کے مختلف بالائی علاقوں میں ہفتے سے بارش کا سلسلہ شروع اور اس دوران کئی پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہوئی جس سے موسم سرد ہو گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG