رسائی کے لنکس

سرحد پولیس کے لیے مواصلاتی آلات کا امریکی عطیہ


سرحد پولیس کے لیے مواصلاتی آلات کا امریکی عطیہ
سرحد پولیس کے لیے مواصلاتی آلات کا امریکی عطیہ

امریکہ نے صوبہ سرحد کی پولیس کو ایک کروڑ سے زائد مالیت کے مواصلاتی آلات کا عطیہ دیا ہے جس سے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو عوام کی حفاظت کے لیے اپنی کوششوں کو بہتر انداز میں ہم آہنگ کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ امریکی معاون سیکرٹری برائے امورِ بین الاقوامی منشیات ونفاذِ قانون ڈیوڈ جانسن اور امریکی سفارتخانہ کے ڈپٹی چیف آف مشن جیرالڈ فیئر سٹائن نے صوبہ سرحد کا دورہ کیا اور یہ آلات پولیس کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل عبدالمجید کے حوالے کیے۔

ان آلات میں 41گاڑیوں کے ریڈیو سسٹمز، دو سو ہاتھ میں پکڑنے والے وائرلیس ریڈیو اور دو ریڈیو رپیٹرز شامل ہیں۔

ڈیوڈ جانسن نے اس موقع پر کہا کہ آلات کی تازہ ترین کھیپ امریکہ کی جانب سے پاکستان کی امداد جاری رکھنے کے عزم کی غماز ہے اور دہشت گرد حملوں کا سامنا کرنے کے لیے امریکہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

واضح رہے کہ پیر کی صبح پشاور میں امریکی مشن پرہونے والے دہشت گردانہ حملے میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ حکام نے اس واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ چھ مسلح دہشت گرد وں کی کارروائی کا ہدف امریکی سفارتی مشن ہی تھا تاہم سکیورٹی کے مئوثر انتظامات کی وجہ سے ان عسکریت پسند وں کو عمارت میں داخل ہونے سے قبل ہی ہلاک کردیاگیا۔

امریکہ پاکستان کو سول قوانین کے نفاذ کے عمل میں آلات، تربیت اور پولیس کے اداروں کو بہتر بنا کر اعانت کررہا ہے۔ 2009ء میں امریکہ نے سول قوانین کے نفاذ کی اعانت کی مد میں چار ارب روپے سے زائد کی امداد فراہم کی ہے۔

XS
SM
MD
LG