رسائی کے لنکس

پاکستان کو اتحادی اعانت فنڈ کی مد میں 65 کروڑ 60لاکھ ڈالر کی ادائیگی


پاکستان کو اتحادی اعانت فنڈ کی مد میں 65 کروڑ 60لاکھ ڈالر کی ادائیگی
پاکستان کو اتحادی اعانت فنڈ کی مد میں 65 کروڑ 60لاکھ ڈالر کی ادائیگی

امریکہ نے پاکستان کو 2009ء کے دوران انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں اُٹھنے والے اخراجات کی مدد میں 65کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی رقم ادا کر دی ہے۔

امریکی سفارت خانے سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق یہ ادائیگی اتحادی اعانت فنڈ یا(کولیشن سپورٹ فنڈ) کہلاتی ہے اور اس امداد کا مقصد دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں پاکستان کی معاونت اور خطے میں امن واستحکام کے مشترکہ نصب العین کا حصول ہے۔

امریکہ نے 2001ء میں پاکستان سمیت 27 ممالک کو دہشت گردی کے خلاف لڑائی پر اُٹھنے والے اخراجات کا کچھ حصہ ادا کرنے کے لیے کولیشن سپورٹ فنڈ قائم کیا تھا۔ گذشتہ نو سالوں میں امریکہ پاکستان کو سات ارب 20 کروڑ ڈالر کی رقم ادا کر چکا ہے۔ پاکستان کو اس مد میں 34 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی آخری ادائیگی 2008ء کے عرصے میں ہونے والے مصدقہ اخراجات کے جواب میں رواں سال جنوری میں کی گئی تھی۔

بیان کے مطابق 2009ء کے اضافی اتحادی اعانت فنڈکے کلیمز(رقم کے مطالبے) پر کام جاری ہے اور اُن پر اضافی ادائیگی ہو سکتی ہیں۔

پاکستان اور امریکہ کے درمیان اتحادی اعانت کی مد میں فنڈ کی عدم ادائیگی دو طرفہ تعلقات میں تناؤ کا باعث تھی کیوں کہ پاکستان کی حکومت کو اندرون ملک اس تنقید کا سامنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں نا صرف پاکستان کی معیشت پر شدید دباؤ پڑا ہے بلکہ بھاری جانی نقصانات کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔ مبصرین کے بقول ان تمام حقائق کی روشنی میں اور امریکہ کے اہم اتحادی ہونے کے با وجود پاکستان کو ان نقصانات کے بدلے میں ملنے والی امداد ناکافی ہے۔

پاکستانی حکومت کہہ چکی ہے کہ پچھلے آٹھ سالوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باعث ملکی معیشت کواب تک تقریباً 35ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے ۔

حالیہ ادائیگی سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں بہتری کاامکان ہے۔

کچھ ناقدین کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج کی قبائلی علاقہ جات میں جاری بیشتر کارروائیاں افغانستان میں طالبان کے خلاف امریکہ کی جنگ کا حصہ ہیں اور اس بنیاد پر ان پر آنے والا خرچ بھی امریکہ کو اٹھانا چاہیے۔ لیکن پاکستانی عہدیداران بارہا اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ ملک میں شدت پسندی کے تدارک کے لیے اٹھائے جانے والے اقدام ملک کی سلامتی کے لیے ضروری ہیں اور یہ پاکستان کی اپنی لڑائی ہے۔

اتحادی اعانت کے فنڈکے علاوہ گذشتہ تین سالوں کے دوران پاکستان کے لیے امریکہ کی جانب سے سویلین و عسکری اعانت مجموعی طور پر چار ار ب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔ فراہم کی جانے والی امریکی اعانت میں طبی امداد، اسکولوں کی مرمت وبحالی، پلوں اور کنوؤں کی تعمیر نو، خوراک کی تقسیم ، زراعت اور تعلیم کے منصوبے شامل ہیں ۔

پاکستان کو اتحادی اعانت فنڈ کی مد میں 65 کروڑ 60لاکھ ڈالر کی ادائیگی
پاکستان کو اتحادی اعانت فنڈ کی مد میں 65 کروڑ 60لاکھ ڈالر کی ادائیگی

مخصوص دفاعی اعانت میں 14 ایف سولہ طیارے، 10 ایم آئی سترہ ہیلی کاپٹر ، پاکستان فرنٹئیرکور کے لیے 450 گاڑیاں ، رات کو دیکھنے والی سینکڑوں عینکیں ، دن اور رات کے اوقات میں استعمال ہونے والی دوربینیں ، ریڈیو اور پاکستان کی مسلح افواج کے لیے ہزاروں کی تعداد میں حفاظی جیکٹس اور ابتدائی طبی امداد کی اشیاء شامل ہیں۔

امریکہ نے 370 سے زیادہ پاکستانی فوجی افسران کو انسداد دہشت گردی ، انٹیلی جنس ، نقل وحمل، میڈیکل ، دوران پرواز حفاظت اور فوجی قوانین ایسے موضوعات کے بارے میں قائدانہ صلاحیتوں کو اُبھارنے کے پروگراموں کے لیے تربیت بھی فراہم کی ہے۔

XS
SM
MD
LG