رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان: بم دھماکوں میں کم ازکم تین ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جمعہ ہی کو کوئٹہ میں ایک انتخابی امیدوار کے دفتر کو بم حملے کا نشانہ بنایا اور اس دھماکے میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جمعہ کی صبح ہونے والے دو بم دھماکوں میں کم ازکم تین افراد ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔

افغان سرحد سے ملحقہ اس علاقے کے مرکزی قصبے میران شاہ میں بم ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا جس میں ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کیا گیا۔

میران شاہ کے مصروف بازار کے چوک خواجہ جان میں ہونے والے اس دھماکے کے نزدیک ایک سکیورٹی چیک پوسٹ بھی واقع ہے۔ پہلے دھماکے کے کچھ ہی دیر بعد ایک بم دھماکا ہوا۔

اس علاقے میں مختلف انتخابی امیدواروں کے دفاتر موجود ہیں اس لیے یہ واضح نہیں کہ دھماکوں کا ہدف کون تھا۔

دریں اثناء جمعہ ہی کو جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں سابقہ حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک انتخابی دفتر کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں کم ازکم پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

کوئٹہ میں بروری روڈ پر ہونے والے اس دھماکے میں انتخابی دفتر اور ملحقہ عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ اس کی زد میں متعدد گاڑیاں بھی آئیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ بم این اے 260 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار عمر گورگیج کے انتخابی دفتر کی چھت پر نصب کیا گیا تھا جس میں ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کیا گیا۔

پاکستان میں عام انتخابات ہفتہ کو ہونے جارہے ہیں جب حالیہ ہفتوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ لیکن حکومت اور الیکشن کمیشن سمیت فوج بھی انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کرچکی ہے۔
XS
SM
MD
LG