رسائی کے لنکس

ایشیا کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان


پاکستانی ٹیم (فائل فوٹو)
پاکستانی ٹیم (فائل فوٹو)

رواں ماہ بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے لیے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے مطابق مصباح الحق بدستور ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

ہفتہ کو لاہور میں سلیکشن کمیٹی کے ہونے والے اجلاس کے بعد کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔

ٹیم میں شعیب ملک، عمران فرحت اور عدنان اکمل کو شامل نہیں کیا گیا جب کہ ناصر جمشید اور سرفراز احمد کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

دیگر کھلاڑیوں میں یونس خان، اسد شفیق، محمد حفیظ، شاہد آفریدی، عمر اکمل، اظہر علی، حماد اعظم، عمر گل، وہاب ریاض، اعزاز چیمہ، سعید اجمل، اور عبدالرحمن شامل ہیں۔

چار ملکی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ گیارہ مارچ سے بنگلہ دیش میں شروع ہورہا ہے۔

پاکستانی ٹیم رواں ہفتے متحدہ عرب امارات سے انگلینڈ کے خلاف سیریز مکمل کرکے وطن واپس پہنچی تھی۔ اس دورے میں اس نے ٹیسٹ سیریز میں تین، صفر سے کامیابی حاصل کی تھی جب کہ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دریں اثناء بنگلہ دیش کی ٹیم کے متوقع دورہ پاکستان کے لیے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر مصطفیٰ کمال کی سربراہی میں ایک وفد ہفتہ کو اسلام آباد پہنچا جہاں اس نے وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے توقع ظاہر کی کہ سکیورٹی کے حوالے سے معاملات درست سمت میں آگے بڑھیں گے جس کے بعد ان کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مل کر کرکٹ کی عالمی تنظیم میں شامل دیگر ملکوں کو پاکستان میں آکر کرکٹ کھیلنے پر آمادہ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

رحمن ملک نے اس موقع پر مہمان وفد کو یقین دلایا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم کو دورہ پاکستان کے دوران مکمل اور مضبوط سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG